205

لندن میں ڈاکٹر طاہرالقادری کا پی ٹی آئی کے رہنماؤں سے ملنے سے انکار

لندن(ویب ڈیسک) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے پاکستان تحریک انصاف اور عوامی مسلم لیگ کے رہنماؤں سے ملنے سے انکار کردیا جس کے بعد جہانگیر ترین، چوہدری سرور اور شیخ رشید کا دورہ لندن ناکام ہو گیا۔ جہانگیر ترین، چوہدری سرور اور شیخ رشید عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کو اسلام آباد دھرنے میں شرکت کی دعوت دینے کے لئے لندن گئے تھے تاہم ڈاکٹر طاہر القادری نے ان رہنماؤں سے ملنے سے انکار کردیا اور اچانک لندن سے کینیڈا روانہ ہو گئے۔پاکستان عوامی تحریک کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر طاہر القادری کینیڈا سے 21 اکتوبر کو لندن واپس آئیں گے جس کے بعد تحریک احتساب کے دوسرے مرحلے کا اعلان کریں گے۔واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے رہنماؤں کے درمیان پی ٹی آئی کے رائیونڈ مارچ سے قبل اختلافات پیدا ہوئے تھے اور دونوں سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کی جانب سے ایک دوسرے پر کھلی تنقید بھی کی گئی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں