چترال (نمائندہ ) ضلعی انتظامیہ چترال نے موسم سرما کے دوران برفبار ی کے نتیجے میں لواری ٹاپ روڈ کی بندش کے بعد لواری ٹنل کو عام پبلک کے لئے کھولنے کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے جس کے مطابق ٹنل کوہفتے میں صرف جمعہ کے دن صبح 7سے لے کر شام 7بجے تک پبلک کے لئے کھلا رکھا جائے گا۔ گزشتہ دنوں ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز سوا ت میں کمشنر کے دفتر میں منعقدہ ایک اجلاس کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر چترال اسامہ احمد وڑائچ کے دفتر سے جاری شدہ شیڈول میں کہا گیاہے کہ اس دن ٹرک اور دوسری بھاری گاڑیوں کو گزرنے کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ روزمرہ ضرورت کی اشیاء لانے والی مزدا گاڑیوں کو چترال کے سائیڈ میں دروش اور میرکھنی کے درمیاں اور دیر سائیڈ میں اخاگرام میں پارک کرنی ہوگی جس کے بعد وہ 20گاڑیوں کی کنوائی کی صورت میں ٹنل سے گزریں گے تاکہ مسافر بردار گاڑیوں کے گزرنے میں کوئی دشواری پیش نہ ہو۔ اسی طرح اس دن عام تجارت کے سامان ، ماربل، لکڑی، ناکارہ گاڑیاں، نازک حالت میں مریض یا زخمی، دھماکہ خیز مواد بھی ٹنل سے گزارنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ عام مسافروں کو ٹنل سے بحفاظت گزارنے کے لئے ٹنل کے دونوں اطراف میں ایمبولنس گاڑیوں کو اسٹینڈ بائی رکھنے ، ٹنل کے اندر خراب ہونے والی گاڑیوں کے لئے ریکوری کا بندوبست کرنے اور ٹنل کے دونوں طرف مناسب انتظار گاہوں کا انتظام شامل ہیں۔ اس بات کا فیصلہ تاہم بعد میں کیا جائے گا کہ ٹنل کو پہلے چترال سے جانے والے مسافروں کے لئے کھول دیا جائے گایا آنے والوں کے لئے۔ درین اثناء چترال کے عوامی اور سیاسی حلقوں نے ہفتے میں صرف ایک دن کے لئے لواری ٹنل کو پبلک کے لئے کھولنے پر شدید مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے اسے قطعی طور پر ناکافی قرار دی ہے۔