347

چترال میں سات مہینے بعد موسم سرما کی پہلی بارش اور بالائی علاقوں و پہاڑوں پر برفباری ہوئی ۔ جس سے سردی کی آمد کی اطلاع مل گئی ہے

چترال ( نمائندہ ڈیلی چترال ) چترال میں سات مہینے بعد موسم سرما کی پہلی بارش اور بالائی علاقوں و پہاڑوں پر برفباری ہوئی ۔ جس سے سردی کی آمد کی اطلاع مل گئی ہے ۔ چترال شہر اور مضافات میں ماہ مئی کے بعد پہلی مرتبہ بارش کے قطرے گرے ۔ جس کا لوگ شدت سے انتظار کر رہے تھے ۔ پیر اور منگل کی درمیانی رات بارش شروع ہوئی ۔ اور لواری ٹاپ ، گرم چشمہ کے بالائی مقامات ، بگوشٹ ، شاہ سلیم اور کالاش ویلیز ، شندور اور چترال شہر کے پہاڑوں کی چوٹیوں پر ہلکی برفباری ہوئی ۔ جبکہ لاسپور کے ائریے میں شدید اندھی آئی ۔ اور لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ۔ برفباری بارش اور آندھی کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے ۔ چترال میں طویل عرصے سے بارش نہ ہونے سے کئی قسم کے امراض میں ابھی اضافہ ہوا ہے ۔ اور کثیف ہوا نے فصلوں اور انسانی زندگی پر بھی بہت منفی اثرات چھوڑے ہیں ۔ تاہم حالیہ بارشوں کی وجہ سے ان امراض میں کمی کی توقع کی جارہی ہیں ۔ گذشتہ رات لواری ٹاپ پر ایک فٹ برف پڑی ۔ جس کی وجہ سے رات گئے چترال ، پشاور ٹریفک صبح تک عارضی طور پر بند رہا ۔ صبح آٹھ بجے کے بعد ٹریفک دوبارہ بحال ہو چکی ہے ۔ چترال میں منگل کے روز بھی فضا ابر آلود رہا ۔ لیکن کسی بھی علاقے سے بارش اور برفباری کی اطلاع نہیں ملی ۔ چترال کے لوگوں کو آنے والے سردیوں میں برفباری کی صورت میں مزید مشکلات پیش آسکتی ہیں ۔ کیونکہ لوری ٹاپ کی بندش کے بعد لواری ٹنل کو ہفتے میں صرف ایک دن جمعہ کے روز کھولنے کا شیڈول جاری کیا گیا ہے ۔ جو کہ چترال کی چھ لاکھ کی آبادی کی آمدورفت کیلئے انتہائی ناکافی ہے ۔ جبکہ دوسری طرف این ایچ کے پاس وقت کی کمی ہے ۔ اور لواری ٹنل کو جون 2017تک مکمل کرنے اور وزیر اعظم نواز شریف نے اس کے افتتاح کا اعلان کیا ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں