وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے غلام اسحاق خان انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی، صوابی کا دورہ

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے بدھ کے روز غلام اسحاق خان انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی، صوابی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے فیکلٹی اپارٹمنٹس کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے جی آئی کے انسٹیٹیوٹ میں زیر تعلیم قبائلی اضلاع کے طلبہ کے لیے 20 خصوصی اسکالرشپس کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی طلبہ کو کسی قسم کی مدد یا تعاون کی ضرورت پیش آئے، عمران خان کی صوبائی حکومت ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑی ہوگی۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں کوئی بھی بچہ محض مالی وسائل نہ ہونے کی وجہ سے اپنی تعلیم ادھوری نہیں چھوڑے گا۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ نئےاور تخلیقی آئیڈیاز کے ساتھ سامنے آئیں کیونکہ صوبائی حکومت نوجوانوں کی ہر مثبت کاوش کی بھرپور حوصلہ افزائی کرے گی، اور ایسا کوئی بھی آئیڈیا جو صوبے اور ملک کی بہتری کا سبب بن سکتا ہے،اس کو بھر پورسپورٹ کرے گی۔محمد سہیل آفریدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ مضبوط ادارے ایک مضبوط ریاست کی بنیاد ہوتے ہیں، لہٰذا اداروں کو مستحکم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ملک کے مختلف حصوں سے جی آئی کے میں تعلیم حاصل کرنے کے لیے آنے والے طلبہ کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ وہ یہاں مہمان نہیں بلکہ اپنوں کی طرح ہیں اور اس ادارے کو اپنا گھر سمجھیں۔ وزیراعلیٰ نے اس امر پر مسرت کا اظہار کیا کہ جی آئی کے انسٹیٹیوٹ قومی یکجہتی کی شاندار مثال بن چکا ہے، اس ادارے میں ملک بھر سے طلبہ موجود ہیں اور خاص بات یہ ہے کہ میرٹ اور شفافیت پر داخلہ دیا جاتا ہے اور طلباءو طالبات کو مساوی مواقع میسر ہیں۔ انہوں نے خاص طور پر اس بات کی تعریف کی کہ انسٹیٹیوٹ کے انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ میں 500 سے زائد طالبات زیر تعلیم ہیں، جو نہ صرف ادارے بلکہ صوبے کے لیے بھی باعثِ فخر ہے۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر یہ بھی کہا کہ جی آئی کے انسٹیٹیوٹ کے گریجویٹس دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں جو مجموعی طور پر ادارے اور قوم دونوں کے لیے اعزاز کی بات ہے۔سہیل آفریدی نے طلبہ سے کہا کہ وہ اپنے مقصد اور اپنی منزل پر نظر رکھیں اور محنت کریں۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ کسی بھی مقصد کے حصول کیلئے تین چیزیں ضروری ہیں ۔ نیت ، سمت اور کوشش ، اگر افراد یا ادارے حسن نیت کے ساتھ اپنے حقیقی اہداف کے حصول کی کوشش کریں تومثبت نتائج برآمد ہوتے ہیں۔ اُنہوںنے جی آئی کے انسٹیٹیوٹ کا معیار برقرار رکھنے پر بورڈ آف گورنرز، انتظامیہ اور فیکلٹی ممبران کو خراج تحسین پیش کیا اور اپنی حکومت کی طرف سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔
َِ<><><><><><><><>



