تازہ ترین

فلاحی تنظیم ‘اپر ہینڈ آرگنائزیشن’ کے زیرِ اہتمام عید الفطر کے پرمسرت موقع پر دروش کی 22 ولیج کونسلوں سے تعلق رکھنے والے یتیم بچوں کے لیے ‘ دست آسرا یتامیٰ بازار’ کے نام سے (شاپنگ بازار) کا انعقاد

چترال (نمائندہ) فلاحی تنظیم ‘اپر ہینڈ آرگنائزیشن’ کے زیرِ اہتمام عید الفطر کے پرمسرت موقع پر دروش کی 22 ولیج کونسلوں سے تعلق رکھنے والے یتیم بچوں کے لیے ‘ دست آسرا یتامیٰ بازار’ کے نام سے (شاپنگ بازار) کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب کا مقصد معاشرے کے ان محروم بچوں کو عید کی خوشیوں میں برابر کا شریک کرنا تھا۔
انتظامیہ کے مطابق اس پروگرام کے لیے مجموعی طور پر 800 یتیم بچوں کی رجسٹریشن کی گئی تھی، جن میں سے 535 بچوں نے بازار میں شرکت کی اور اپنی پسند کے مطابق خریداری کی۔ بازار میں موجود ہر بچے کو 3000 روپے مالیت کی شاپنگ کی سہولت فراہم کی گئی، جبکہ اس کے ساتھ ساتھ ہر بچے کو 100 روپے نقد عیدی بھی دی گئی۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپر ہینڈ آرگنائزیشن کے سربراہ محمد فضل ودود چترالی نے کہا کہ اس کاوش کا بنیادی مقصد یتیم بچوں کو یہ احساس دلانا ہے کہ وہ تنہا نہیں ہیں اور انہیں بھی دیگر بچوں کی طرح عید منانے کے مساوی مواقع میسر ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مستحق بچوں کے انتخاب اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے ایک جامع اور مربوط طریقہ کار وضع کیا گیا تھا تاکہ حقدار تک اس کا حق پہنچ سکے۔علاقے کے عوامی و سماجی حلقوں نے اپر ہینڈ آرگنائزیشن کی اس انسانی ہمدردی کی کوشش کو سراہتے ہوئے اسے دیگر فلاحی تنظیموں کے لیے ایک بہترین مثال قرار دیا ہے۔

 

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button