185

نیپرا نے بجلی کی قیمتوں میں 2روپے 21پیسے کمی کی منظوری دیدی

اسلام آباد( آئی این پی) نیشنل الیکٹر ک پاور ریگولیٹر ی اتھارٹی ( نیپرا) نے ملک بھر میں بجلی کی قیمتوں میں 2روپے 21پیسے کمی کی منظوری دیدی،بجلی کی قیمتوں میں کمی دسمبر2016کے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی ۔ بجلی کی قیمتوں میں کمی کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر نہیں ہوگا۔تفصیلات کے مطابق جمعرات کو نیشنل الیکٹر ک پاور ریگولیٹر ی اتھارٹی میں سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے )کی طرف سے بجلی کی قیمتوں میں ردو بدل کی درخواست پر سماعت ہوئی جس میں سی پی پی اے نے فرنس آئل سستا ہونے کے باعث ماہ دسمبر میں فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں1روپے 58پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست کی۔ بریفنگ کے دوران نیپرا کو بتایا گیا کہ دسمبر میں کل 7 ارب 19 کروڑ یونٹ بجلی پیدا ہوئی جب کہ دسمبر میں بجلی کی پیداواری لاگت 6 روپے 24پیسے فی یونٹ رہی، دسمبر میں صارفین سے8روپے 10پیسے فی یونٹ وصول کئے گئے، جس کا ریلیف عوام کو فراہم کیا جائے، سی پی پی اے کے مطابق دسمبر کے دوران کوئلے سے بجلی کی پیداواری لاگت 4روپے 49 پیسے،ہائی سپیڈ ڈیزل سے 12 روپے3 پیسے اور فرنس آئل سے پیداواری لاگت 8 روپے65پیسے فی یونٹ رہی جبکہ گیس سے پیداواری لاگت5روپے28پیسے،ایل این جی سے 7 روپے 4 پیسے اور نیوکلیئر بجلی کی پیداواری لاگت 60 پیسے فی یونٹ رہی،ایران سے درآمدی بجلی کے نرخ10 روپے تریسٹھ پیسے فی یونٹ رہے۔جس پر نیپرا نے درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے بجلی کی قیمتوں میں مزید36پیسے فی یونٹ کمی کا فیصلہ کرتے ہوئے2روپے 21پیسے کمی کی منظوری دیدی تاہم کمی کا اطلاق کے الیکٹرک اور لائف لائن صارفین پر نہیں ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں