197

ہانگ کانگ میں پاکستان ہانگ کانگ تجارت وسرمایہ کاری فورم کا انعقاد

اسلام آباد (اے پی پی) چین پاکستان اقتصادی راہداری کے حوالے سے ہانگ کانگ میں پاکستان ہانگ کانگ تجارت وسرمایہ کاری فور م کا انعقادکیا گیا۔ چین میں پاکستان کے سفیر مسعودخالد اور حکومت ہانگ کانگ کی بیلٹ اینڈ روڈ کی کمشنر ای وان چوئی نے ایک روزہ فورم کا افتتاح کیا۔ اس فورم میں ہانگ کانگ ، چین سمیت دیگر بین الاقوامی کمپنیوں کے نمائندوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔انہوں نے سی پیک منصوبوں میں سرمایہ کاری کے حوالے سے گہری دلچسپی کا اظہارکیا۔سفیر مسعود خالد نے اپنے افتتاحی کلمات میں بتایا کہ چین کی بیلٹ اینڈ روڈ پالیسی نے تمام دنیا کے لئے کاروبار کے بے پناہ مواقع فراہم کئے ہیں۔انہوں نے بتایاکہ اس پالیسی کے تحت چائنہ پاکستان اقتصادی راہداری پر 52 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جارہی ہے۔ جس سے لاکھوں لوگوں کو نہ صرف روزگار ملے گا بلکہ جنوبی ایشیا خصوصاً پاکستان میں معاشی ترقی کے نئے دور کاآغاز ہوگا۔مسعو خالد نے کہا کہ سی پیک اس خطے میں گیم چینجر منصوبہ ہے جس میں توانائی ، انفراسٹرکچر، خصوصاً صنعتی زونز، گوادرپورٹ اور ریلوے جیسے شعبوں میں مزید ترقی کے منصوبے شامل ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہانگ کانگ معاشی اور انتظامی صلاحیتوں کے باعث دنیامیں نمایاں مقام رکھتا ہے۔ سی پیک میں ان خدمات کے حوالے سے سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجودہیں۔انہوں نے ہانگ کانگ کے کاروباری طبقے کو دعوت دی کہ وہ اس موقع سے فائدہ اٹھائیں اور پاکستان میں سرمایہ کاری کرکے پاکستان کی معاشی ترقی او رمزید خوشحالی کے لئے اپنا کرداراداکریں۔ مسعودخالد نے پاکستان میں امن وامان کی مجموعی صورتحال سے بھی شرکاء کو آگاہ کیا۔انہوں نے فورم کے انعقا د کے لئے حکومت ہانگ کانگ کے تجارت اور سرمایہ کاری کے اداروں کے تعاون پرشکریہ اداکیا۔بیجنگ میں کمرشل کونسلر ڈاکٹر ارفع اقبال نے چائنہ پاکستان اقتصادی راہداری کے متعلق تفصیلات بتائیں او ر شرکاء کو گوادکی بندرگاہ اورانفراسٹرکچر کی تعمیر کے حوالے سے آگاہ کیا۔فورم کے اختتام پر ہانگ کانگ میں پاکستان کے قونصل جنرل عبدالقادرمیمن نے اختتامی کلمات میں کہا کہ پاکستان کی تجارت اور سرمایہ کاری کے حوالے سے ہونے والایہ اپنی نوعیت کا پہلا فورم ہے۔انہوں نے یقین دلایا کہ اس قسم کے مزید آگاہی فورم منعقد کئے جائیں گے جس کے ذریعے پاکستان میں سرمایہ کاری کی مزیدراہیں کھلیں گی ۔ قونصل جنرل نے کہاکہ ہانگ کانگ کی مقامی کمپنیوں نے سی پیک میں بہت زیاد ہ دلچسپی دکھائی ہے اور اسی دلچسپی کے پیش نظر اس فورم کا اہتمام کیا گیاہے۔فورم میں پاکستان کی مجموعی کاروباری ماحول او رقوانین کے حوالے سے شرکاء کو مکمل آگہی دی گئی۔فورم میں پاکستان میں پہلے سے موجو دکام کرنے والی کمپنیوں کے نمائندوں نے بھی اظہار خیال کیااور پاکستان میں کاروباری مواقع اور ترقیاتی کاموں کے حوالے سے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی او ر کامیاب فورم کے انقعاد پر حکومت پاکستان اور بالخصوص پاکستان قونصلیٹ ہانگ کانگ کی کوششوں کو سراہا۔ فورم کا انعقاد پاکستان قونصلیٹ ہانگ کانگ، پاکستان چیمبر آ ف کامرس ہانگ کانگ او ر نیشنل بینک ہانگ کانگ نے باہمی اشتراک سے کیا تھا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں