پشاور(نمائندہ ڈیلی چترال)صوبہ خیبر پختونخوا کے وزیر آبپاشی محمود خان نے پولیس فورس کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس کے جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے سوات میں امن قائم کیا ہے جو تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائیگا ، پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے پولیس کو ہر قسم سیاسی مداخلت سے پاک کرکے اُن کو خود مختار بنایا ہے اور اس کے ساتھ صوبے کی پولیس کو ایک مثالی فورس بنانے اور شہداء کے خاندانوں کی فلاح و بہبودکیلئے عملی اقدامات بھی اُٹھائے ہیں ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پولیس لائن سوات میں پولیس شہداء کی یاد میں ایک پروقار تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ،تقریب میں وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے لائیو سٹاک محب اللہ خان ، ریجنل پولیس افیسر ملاکنڈ ریجن آزاد خان ، ڈی سی سوات محمود اسلم وزیر ، ڈی پی او سوات محمد سلیم مروت اور دیگر پولیس اور سول افیسرز بھی موجود تھے ۔ صوبائی وزیر محمود خان نے کہا کہ پولیس جوانوں نے دیگر سیکورٹی اہلکاروں کے ہمراہ موثر آپریشن کرکے ضلع سوات میں مثالی امن قائم کر رکھا ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے صوبے کی پولیس کو ایک مثالی فورس بنانے اور شہداء کے خاندانوں کی فلاح و بہبود کیلئے عملی اقدامات اُٹھائے ہیں ، بعد ازاں صوبائی وزیر محمود خان ، وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی محب اللہ خان ، ڈی آئی جی آزاد خان ، ڈی پی او نے یادگار شہداء پر پھول بھی چڑھائے اور شہداء کے بلند درجات کیلئے اجتماعی دُعا کی گئی ۔