257

صوبائی صنعتی پالیسی کا اعلان ہو چکا ہے ۔ پالیسی کے تحت نئی صنعتوں کیلئے مارک اپ میں 5 فیصد رعایت دی گئی ہے/سی ایم

پشاور/وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ سی پیک پورے خطے کیلئے گیم چینجر منصوبہ ہے تاہم خیبرپختونخوا سی پیک کے ذریعے پاکستان کیلئے فوکل پوائنٹ بننے جارہا ہے۔ اپریل میں بیجنگ میں روڈ شو کرنے جارہے ہیں جس کیلئے منصوبے تیار کرلئے ہیں۔ اگر بڑے بھائی نے تنگ نہ کیا تو جون تک30 بلین ڈالرز کی سرمایہ کاری لانے میں کامیاب ہوں گے۔ انہوں نے روڈ شو کے سلسلے میں ویمن چیمبر آف کامرس سے بھی رابطہ رکھنے کی ہدایت کی تاکہ خواتین تاجروں اور صنعتکاروں کو بھی سرمایہ کاری کے مواقعوں خصوصاً سی پیک سے استفادہ کرنے کا موقع دیا جا سکے۔ وہ پشاور میں چوتھے ویمن انٹر پرنیور ٹریڈ میلے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ میلے کا انعقاد ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان اور ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز پشاور ڈویژن کے باہمی تعاون سے کیا گیا تھا ۔ ڈائریکٹر ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی سریر الدین ، صدر ویمن چیمبر آف کامرس شمامہ ارباب، سینئر نائب صدر ویمن چیمبر آف کامرس اقبال بانو، صدر سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز حاجی محمد افضل،منیجنگ ڈائریکٹر ٹی سی کے پی مشتاق احمد اور فطرت الیاس بلور نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔وزیراعلیٰ نے مشکل حالات میں بھی اپنی تجارتی سرگرمیوں کو زندہ رکھنے کیلئے خواتین کے عزم اور حوصلے کو سلام پیش کیا اور کہاکہ ہماری خواتین قومی ترقی اور خوشحالی کے مشن میں مردوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں۔ کوئی بھی قوم کامیابی کی بلندیوں تک نہیں پہنچ سکتی جب تک ترقی کے عمل میں اس کی خواتین کا کردار شامل نہ ہو۔انہوں نے خیبرپختونخوا میں خواتین کی صنعت و تجارت کیلئے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (TDAP) کی کاوشوں کو سراہا انہوں نے اتھارٹی کو تجویز دی کہ پشاور میں اس طرح کی سرگرمیاں جاری رکھی جائیں ۔ ان سرگرمیوں سے خواتین صنعتکاروں اور تاجروں کو بین الاقوامی سطح پر مقابلے کیلئے تیار کرنے میں مدد ملے گی۔صوبائی حکومت کی اصلاحات کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبائی حکومت نے ریکارڈ قانون سازی کے ذریعے ایک شفاف اور جوابدہ نظام متعارف کرایا ہے۔ سیاسی مداخلت کے خاتمے، شفافیت کے قیام اور انقلابی اصلاحات کے ذریعے نئے خیبرپختونخوا کی ٹھوس بنیادیں رکھ دی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کے اختتام تک اس خطے کے عوام کو ایک مکمل تبدیل شدہ صوبہ دینے میں کامیاب ہوں گے۔ ایک ایسا صوبہ جہاں ہر شخص کو خود اعتمادی ، احترام اور عزت حاصل ہو گی ۔ حق دار کو اس کا حق ملے گا۔ کسی سے ناانصافی نہیں ہوگی۔ میرٹ کی بالادستی ہو گی۔ امیر اور غریب کے درمیان خلا نہیں رہے گا۔ سب کو ترقی کے یکساں مواقع حاصل ہوں گے۔ قابل اور اہل لوگوں کو روزگار کیلئے در در کی ٹھوکریں نہیں کھانا پڑیں گی۔پرویز خٹک نے کہاکہ دیگر محکموں اور اداروں کی طرح ہم صوبے میں صنعتوں اور سرمایہ کاری کیلئے بھی مکمل پلان بنا چکے ہیں ۔ بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کا قیام عمل میں لایا جا چکا ہے۔ صنعتکاروں کو ون ونڈو آپریشن کی سہولت دینے کیلئے ایک آزاد اور با اختیار کمپنی ازمک بنائی گئی ہے۔ صوبائی صنعتی پالیسی کا اعلان ہو چکا ہے ۔ پالیسی کے تحت نئی صنعتوں کیلئے مارک اپ میں 5 فیصد رعایت دی گئی ہے۔ نئی صنعتوں کو مشینری کی ترسیل کے اخراجات میں بھی 25 فیصد رعایت دی جائے گی۔ خواتین تاجروں کیلئے ایکوئٹی سرمایہ کاری (Equity investment) کا 25 فیصد سرمایہ حکومت فراہم کرے گی۔وزیراعلیٰ نے خیبرپختونخوا کے دور دراز علاقوں اور پاکستان بھر سے سفر کرکے آنے والی خواتین کو بھی قابل تعریف قرار دیا اور کہا کہ انہوں نے اس میلے میں شرکت یقینی بنا کر پیغام دیا کہ کوئی بھی عنصر یہاں تک کہ دہشت گردی بھی پاکستانی قوم کے حوصلوں کو پست نہیں کر سکتی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں