204

یارخون روڈ کو ہنگامی طور پرکھولنے کا اہتمام کیا جائے تاکہ یارخون میں قحط پڑنے کے خطرے کا خاتمہ ہوسکے۔ رکن ضلع کونسل رحمت ولی

چترال (نمائندہ ڈیلی چترال) یارخون سے ضلع کونسل کے رکن رحمت ولی نے یارخون وادی میں سڑکوں کی گزشتہ ایک ماہ سے زائد عرصے سے بندش کی وجہ سے غذائی قلت پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ اگر موٹر گاڑیوں کی ٹریفک کی بحالی میں مزید تاخیر ہوئی تو اس کے نتیجے میں وادی کے عوام ناقابل بیان مشکلات میں مبتلا ہوجائیں گے۔ پیر کے روز ضلع کونسل کے احاطے میں میڈیا کو انہوں نے یارخون وادی کی سنگین صورت حال سے آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ فروری کے اوائل میں برفباری سے یارخون میں چار فٹ سے ذیادہ برف پڑگئی تھی جس کے نتیجے میں سڑکیں بند ہوگئی تھیں جوکہ اب تک بند رہنے کی وجہ سے وادی میں شدید غذائی قلت پید ا ہوگئی ہے اور وادی کے دکانوں میں اشیائے خوردونوش مکمل طور پر ختم ہوگئے ہیں اور سڑک کی بندش کی وجہ سے دکانوں میں سامان کی ترسیل بند ہوکررہ گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ علاقے میں سردی کی شدت کی وجہ سے ہیضے کی بیماری نے بھی حملہ کیا ہے اور کئی بچے اس میں مبتلا ہوگئے ہیں۔ رحمت ولی نے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ یارخون روڈ کو ہنگامی طور پرکھولنے کا اہتمام کیا جائے تاکہ یارخون میں قحط پڑنے کے خطرے کا خاتمہ ہوسکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں