چترال (بشیر حسین آزاد) عالمی یوم نوجوانان کے سلسلے میں آغا خان رورل سپورٹ پروگرام اور دوسر ے اداروں کے معاونت سے مقامی ہوٹل میں ایک یوتھ سیمینار منعقد ہوا جس کا موضوع قدرتی آفات میں نوجوانوں کو بہتر پارٹنر کے طور پر تیار کرنا تھا۔ مختلف لوکل سپورٹ آرگنائزیشن (ایل ایس اوز) کی نمائندہ تنظیم چترال کوارڈینیشن کونسل فار ڈیویلپمنٹ نیٹ ورک (سی سی ڈی این)، فوکس اور متعدد یوتھ آرگنائزیشن کے نمائندوں نے قدرتی آفات کے چترال کی مخصوص جعرافیائی حالات کے تناظرمیں چیلنجوں اور مشکلات اور ان سے نمٹنے کے لئے اقدامات کا ذکر کیا۔ مقررین نے حالیہ سیلاب کے دوران ضلعے کے طول وغرض میں نوجوانوں کی رضاکارانہ خدمات کو زبردست سراہتے ہوئے کہاکہ انہوں نے اپنی جوش اور لگن سے رضاکاری کو ایک نئی جہت سے آشنا کیا ہے ۔بعض مقررین نے کہاکہ نوجوان رضاکاروں نے گرم چشمہ روڈ سمیت دوسرے انفراسٹرکچر کو اپنی مدد آپ کے جذبے کے تحت بحال کرنے کی کوشش کرکے ایک قابل تقلید مثال قائم کی ہے ۔ اس موقع پر فوکس ، الخدمت فاونڈیشن ، مروئے اور شاہ نگار دروش کی دیہی رضاکارتنظیموں کی طرف سے سیلاب متاثرین کو دی جانے والی ریلیف سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔ تقریب سے اے کے آر ایس پی کے آرپی ایم سردار ایوب نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ نوجوانوں میں رضاکاری کاجذبہ پایا جانا ایک خوش آئند بات ہے اور یہ بات ایک حقیقت ہے کہ چترال جیسے علاقے میں نوجوانوں کی شمولیت کے بغیر قدرتی آفات سے موثر طور پر نمٹنا اور ان کی تباہ کاریوں کو کم کرنا ممکن نہیں ہے۔سیمینار فوکس کے آرپی ایم امیر محمد، اے کے آرایس پی کے منیجر فضل مالک بھی موجود تھے۔