تازہ ترین
ضلع کے اندر 23میں سے 18سڑکوں کو عارضی طور پر بحال کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں ، ایگزیکٹیو انجینئر مقبول اعظم
چترال (نمائندہ ڈیلی چترال) سی اینڈ ڈبلیو ڈویژن چترال کے ایگزیکٹیو انجینئر مقبول اعظم نے کہا ہے کہ چترال کی مختلف وادیوں اور دیہات کو جانے والی سڑکوں میں اکثریت کو موٹر گاڑیوں کی ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا ہے اور کئی مقامات پر جیپ ایبل پلوں کو ضروری مرمت کے بعد بحالی کے نتیجے میں ضلعے کے اندر آمدورفت کا سلسلہ بڑی حد تک بحال ہوگئی جوکہ عیدالفطر سے دو دن پہلے شروع ہونے والی سیلاب کے طویل سلسلے کے نتیجے میں سیلاب برد ہوگئے تھے۔ مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ چیف منسٹر کی خصوصی احکامات کے تحت سی اینڈ ڈبلیو ڈیپارٹمنٹ کے چیف انجینئر نارتھ داؤد شاہ نے چترال میں کیمپ آفس قائم کرکے سڑکوں اور پلوں کی انفراسٹرکچر کی بحالی اور وادیوں کے موٹر گاڑیوں کی آمدورفت کی بحالی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات شروع کردیا اور تین ہفتے کی قلیل مدت میں دن رات ایک کرکے ضلع کے اندر 23میں سے 18سڑکوں کو عارضی طور پر بحال کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں جبکہ اوسیاک دروش، تورکھو بزند سمیت کئی پلوں کو بھی ٹریفک کیلئے کھول دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بعض جیپ ایبل پلوں کا اسی فیصد سے ذیادہ نقصان ہوچکا ہے اور کئی ایک مکمل طو رپر منہدم ہوگئے ہیں جن کی فوری بحالی اور تعمیر نو ایک ماہ کی مختصر مدت کے دوران یقینی بنائی جائے گی تاکہ وادیوں کے اندر پھسے ہوئے عوام کو باہر نکلنے اور اشیائے خوردونوش کی کمی کو پورا کرنے میں مدد دی جاسکے۔