چترال کے طول وعرض میں سیلاب سے متاثرہ گھرانوں کی زرعی قرضوں کی معافی کے سلسلے میں کال اٹینشن نوٹس قومی اسمبلی کے سیکرٹریٹ میں جمع کردی/ایم پی اے سیدسردارحسین
چترال (ڈیلی چترال نیوز) اپر چترال سے صوبائی اسمبلی کے رکن سید سردار حسین نے کہا ہے کہ ان کی نشاندہی پر قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشیدشاہ نے 2015ء میں چترال کے طول وعرض میں سیلاب سے متاثرہ گھرانوں کی زرعی قرضوں کی معافی کے سلسلے میں کال اٹینشن نوٹس قومی اسمبلی کے سیکرٹریٹ میں جمع کردی ہے ۔ مقامی میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ نوٹس میں کہا گیا کہ وزیر اعظم نواز شریف کا کوراغ کے مقام پر واضح اعلان کے باوجود اب تک بنکوں کے زرعی قرضوں کی معافی نہ ہونے سے علاقے کے کاشت کار گھمبیر مسائل میں مبتلا ہوگئے ہیں اور معافی کی امید پر اپنی قسطیں بھی جمع نہیں کرائے جس کی وجہ سے انہیں اب مرکب سود کے ساتھ قرضو ں کی اقساط واپس کرنی پڑرہی ہیں جوکہ ان کیلئے ناقابل برداشت مالی بوجھ ہے جوکہ آخرکار ان کی کاشت کاری پر مہلک اثرات مرتب کرے گی۔ سید سردارحسین نے کہاکہ پی پی پی غریبوں کی جماعت ہے جس کے رہنما ان کی فلاح وبہبودکی خاطر ہی قدم اٹھاتے ہیں اور اپوزیشن لیڈر کا یہ قدم چترال کے عوام کے لئے نہایت خوش آئند ہے۔