ایم پی اے سردارحسین کی کوششوں سے صوبائی اسمبلی میں قراردادمنظور،گولین بجلی گھرسے ریشن کے 21ہزارصارفین کوبجلی دینے کافیصلہ
چترال (ڈیلی چترال نیوز) چترال کے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے 90چترال ٹو سے صوبائی اسمبلی کے رکن سید سردار حسین شاہ نے پیر کے روز اسمبلی میں ایک قرار داد پاس کرانے میں کامیاب ہوگئے جس میں گولین گول ہائیڈروپاؤر پراجیکٹ سے سب ڈویژن مستوج کے ان دیہات کو بجلی دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے جنہیں پیڈو کے ریشن گاؤں میں سیلاب برد بجلی گھر سے بجلی دی جارہی تھی ۔ پشاور سے ٹیلی فون پر مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس قرارداد پر تمام ارکان اسمبلی کو متفق کرلیا تھا جس میں صوبائی حکومت سے بھرپور مطالبہ کیا گیا ہے کہ اس سال دسمبر میں گولین بجلی گھر کی پہلی یونٹ کو چالو کیا جارہا ہے اور وزیر اعظم کی directiveکے مطابق جوٹی لشٹ میں گرڈ اسٹیشن بھی تکمیل کے آخری مراحل میں ہے جس کے ذریعے چترال کو 30میگاواٹ بجلی دی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ قرارداد میں صوبائی حکومت پر زور دیا گیا ہے کہ ریشن کی 4.2میگاواٹ بجلی گھر کی تعمیر نو تک سب ڈویژن مستوج میں پیڈو کے 21ہزار صارفین کو اندھیروں میں رکھنا سراسر ناانصافی ہے جبکہ پیسکو کے پاس بجلی کی بڑی مقدار دسمبر سے دستیاب ہوگی۔ قرار داد میں مطالبہ کیاگیا ہے کہ دسمبر سے پہلے صوبائی حکومت کو پیسکو کے ساتھ اس سلسلے میں ضروری کاروائی مکمل کرنا چاہئے اور اس کے ساتھ ساتھ سب ڈویژن مستوج میں ٹرانسمیشن لائن اور ٹرانسفرمروں کی ضروری مرمت کا کام مکمل کرے جوکہ گزشتہ تین سالوں سے بے کار پڑی خراب ہوگئے ہیں۔