پشاور(نامہ نگار)سرکاری گاڑیوں ،جنرٹیرزکی چوری ہونے ،کرپشن ،اختیارات کے ناجائزاستعمال کے الزامات میں پشاورسمیت صوبے بھرکے سابق ناظمین کیخلاف تحقیقات شروع کردی گئی ہیں ۔صوبے کے چوبیس اضلاع سے ضلعی ناظمین ،ٹاون وتحصیل ناظمین اوریونین کونسلوں کے ناظمین کاسابق ریکارڈ طلب کرلیا گیاہے۔ذمہ دارذرائع کے مطابق ٹاون ون ،ٹاون ٹو،ٹاون تھری،ٹاون فوراورڈسٹرکٹ ناظم کے دفترپرقانون نافذکرنے والے اداروں نے گذشتہ روزاچانک چھاپے مارکرتمام دستاویزات اپنے قبضے میں لے لی ہیں ان میں سے بعض ناظمین پہلے سے ہی جعلی شناختی کارڈوں کے الزامات میں گرفتارکئے جاچکے ہیں ۔ذرائع نے بتایا ہے کہ سابق ناظمین پراختیارات کے ناجائز استعمال ،کرپشن وغیرہ کے الزامات ہیں۔صوبائی احتساب کمیشن ،قومی احتساب بیورو،انٹی کرپشن وغیرہ اس ضمن میں تحقیقات کررہے ہیں۔عوامی شکایات کی روشنی میں تحقیقات شروع کی گئی ہے ۔