Mr. Jackson
@mrjackson
تازہ ترین

وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ سے چین کے سفیر یاؤ جنگ کی ملاقات،مختلف شعبوں میں پاک۔چین اقتصادی تعاون میں اضافہ

اسلام آباد   (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ مفتاح اسماعیل سے چین کے سفیر یاؤ جنگ نے منگل کو ملاقات کی۔ اس موقع پر مالیات کے شعبہ سمیت مختلف شعبوں میں پاک۔چین اقتصادی تعاون کے اضافہ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر مشیر خزانہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے گذشتہ چار سال کے دوران مختلف شعبوں میں اصلاحات پر خصوصی توجہ دی ہے اور توانائی کے شعبہ کے مسائل کو ختم کیا ہے، اصلاحات کے نتیجہ میں اقتصادی سرگرمیوں اور قومی معیشت کی شرح نمو میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی وسائل میں اضافہ کیلئے مختلف اقدامات کئے گئے جن کے نتیجہ میں ٹیکس وصولیوں میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔ مشیر خزانہ نے مزید کہا کہ حکومت نے رواں مالی سال 2017-18ء کیلئے اقتصادی شرح نمو کا ہدف 6 فیصد مقرر کیا ہے جس کے حصول کیلئے ہم پرعزم ہیں، اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ اور قومی معیشت کی ترقی سے مستقبل میں شرح نمو کو مزید بڑھایا جائے گا۔

انہوں نے ملک کی اقتصادی ترقی کے حوالہ سے چین کے تعاون کو سراہا۔ مشیر خزانہ نے کہا کہ کئی چینی کمپنیوں کے نمائندوں نے ان سے ملاقات کی ہے جو پاکستان میں نئے کاروبار کے آغاز میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تمام غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرے گی۔

چین کے سفیر یاؤ جنگ نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ کچھ مسائل کے باوجود پاکستان کی معیشت ترقی کر رہی ہے۔ انہوں نے مفتاح اسماعیل کو یقین دلایا کہ باہمی اقتصادی تعاون کے فروغ کیلئے تمام تر ممکنہ اقدامات کئے جائیں گے۔

Related Articles

Back to top button