285

صوبائی حکومت بلدیاتی ملازمین کے مفادات اوروقارکاتحفظ یقینی بنائے گی۔عنایت اللہ خان

پشاور(نمائندہ ڈیلی چترال )خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر اور جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر عنایت اللہ خان نے بلدیاتی اداروں کے اعلیٰ و ماتحت تمام ملازمین کو یقین دلایا ہے کہ صوبائی حکومت ہر سطح پر انکے مفادات اور وقار کا تحفظ کرے گی تاہم حکومت ان سے یہ توقع رکھنے میں بھی حق بجانب ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے بعد نئے نظام کے نفاذ کے تناظر میں وہ پوری تندہی سے فرائض انجام دینگے وہ لوکل کونسل بورڈ حیات آباد پشاور کے کانفرنس ہال میں صوبے بھر سے آئے ٹی ایم اوز اور اسسٹنٹ ڈائریکٹرز بلدیات کو پالیسی گائڈلائن دینے اور انکے اثاثہ جات کی تقسیم و دیگر درپیش مسائل کے حل سے متعلق اجتماع سے خطاب کر رہے تھے دوسروں کے علاوہ سیکرٹری بلدیات و دیہی ترقی سید جمال الدین شاہ ، سیکرٹری لوکل کونسل بورڈ سید ظفر علی شاہ اور ڈائریکٹر جنرل بلدیات عادل صدیق بھی اس موقع پر موجود تھے سینئر وزیر نے کہا کہ اب ہمارا صوبہ شہر ناپرساں نہیں بلکہ ہر کام منظم انداز میں اور قاعدے و قانون کے مطابق ہوتا ہے اسلئے اب بلدیاتی ملازمین کی ترقی و تقرر کے معاملات بھی منظم اور خودکار طریقے سے ہونگے اور جو کوئی اس میں رکاوٹ بنے گا وہ خود ہی سزا پائے گا انہوں نے اثاثہ جات کی تقسیم اور ٹی ایم ایز کو درپیش مسائل نمٹانے کیلئے قائم ٹرانزیشن کمیٹی کو اپنا کام تیزی سے مکمل کرنے اور اس مقصد کیلئے ماہانہ بنیاد پر باقاعدگی سے اجلاس کرنے نیز انہیں نتیجہ خیز بنانے کی ہدایت کی عنایت اللہ نے ٹی ایم اوز پر زور دیا کہ وہ میونسپل خدمات سے متعلق غلط عوامی تاثر کو ختم کریں اور دن رات کام کرکے قومی خدمت کا فرض نبھائیں کیونکہ ہمیں ملنے والی تنخواہ غریب عوام کے خون پسینے کی کمائی اور ٹیکسوں کی مرہون منت ہے اسلئے میونسپل خدمات میں کوتاہی کفران نعمت کے مترادف ہو گا انہوں نے یہ امید بھی ظاہر کی کہ بلدیاتی ملازمین کسی بھی دباؤ میں آکر غلط کام کرنے سے گریز کرینگے ہم عوام کو کرپشن سے پاک بہتر نظم و نسق کی حامل حکومت دینے اور سرکاری مشینری کو عوامی امنگوں کا آئینہ دار بنانے کیلئے کوشاں ہیں اور میونسپل ملازمین اس نصب العین کے حصول میں ہمارے دست و بازو بنیں اسی طرح بلدیاتی اہلکار انکے دفتر آنے والے ہر فرد کی تشفی یقینی بنائیں تاکہ اداروں پر عوام کا اعتماد بحال ہو قبل ازیں ٹی ایم اوز کے نمائندے محمد خالق نے سینئر وزیر کو ٹی ایم یاز کے مسائل و مشکلات سے اگاہ کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں