وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کل ہفتہ 12مئی کو چترال کا ایک روزہ دورہ کرکے مختلف منصوبوں کا افتتاح کریں گے
چترال (نمائندہ ) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی ہفتہ 12مئی کو چترال کا ایک روزہ دورہ کریں گے ۔ وزیر اعظم ہفتے کی صبح بذریعہ طیارہ چترال پہنچیں گے ۔ جہاں ایم این اے چترال شہزادہ افتخار الدین ، کمشنر ملاکنڈ سید ظہیر الاسلام ، ڈی آئی جی ، ضلع ناظم چترال مغفرت شاہ ، ایم پی اے چترال سلیم خان ، صدر پاکستان مسلم لیگ (ن ) چترال نوید الرحمن چغتائی ایڈوکیٹ اُن کا استقبال کریں گے ۔ وزیر اعظم ائر پورٹ پر علاقائی عمائدین ، مسلم لیگ (ن)کے کارکنان کے اجتماع سے خطاب کریں گے ۔ اور چترال گرم چشمہ روڈ و گیس منصوبے کا افتتاح کریں گے ۔ وزیر اعظم بعد آزان بذریعہ ہیلی کاپٹر ایون گاؤں میں اپنے دوست شہزادہ مقصود الملک کی رہاش گاہ قلعہ ایون جائیں گے ۔ جہاں وہ چترال ایون کالاش ویلیز روڈ ، ایون و دروش گیس منصوبے کا افتتاح کریں گے ۔ وزیر اعظم ایون کے عمائدین سے بھی ملاقات اور خطاب کریں گے ۔ واضح رہے ،وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کااپنا عہدہ سنبھالنے کے بعد ڈھائی ماہ کے دوران یہ چترال کا دوسرا دورہ ہے ۔ چترال کے عوامی حلقوں نے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی چترال آمد کا خیر مقدم کیا ہے ۔ اور سابق وزیر نواز شریف و موجودہ وزیراعظم کی طرف سے چترال کے میگا مسائل حل کرنے پر اُن کی تعریف کی ہے ۔ اور وزیر اعظم کو خوش آمدید کہا ہے ۔