حکومت نے دیہی علاقوں میں 295 موبائل سروس یونٹس قائم
حکومت نے تولیدی صحت اور خاندانی منصوبہ بندی کی خدمات باقاعدہ مہم کی بنیاد پر دیہی علاقوں میں فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے 295 موبائل سروس یونٹس قائم کر رکھے ہیں۔ وزارت صحت کے ذرائع نے بتایا کہ یہ مراکز بہبود آبادی پروگرام کے تحت قائم کئے گئے جس کے لئے وفاقی حکومت نے پنجاب ، سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر اور فاٹا کے علاقوں کے لئے 8.176ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔رواں مالی سال کے دوران حکومت نے 38دیہی صحت مراکز بھی قائم کئے ہیں جہاں ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کو تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔ بجٹ دستاویز میں بھی ظاہر کیا گیا کہ 2782مرد موبلائزرز بھی فیملی ویلفیئر پروگراموں اور مردوں کو آگاہی دینے کیلئے فعال ہیں، وہ خواتین اور لڑکیوں میں صنفی مسابقت کے حوالے سے آگاہی بھی پھیلا رہے ہیں۔مزید براں خاندانی بہبود کے مراکز کی تعداد 3439تک پہنچ چکی ہے جو خدمات کی فراہمی کے اہم مراکز ہیں جو اس پروگرام کے تحت شہری اور دیہی علاقوں میں قائم ہیں جہاں زچہ کو صحت کی خدمات کے علاوہ معمولی عارضوں کے علاج معالجہ کی سہولیات بھی فراہم کر رہے ہیں۔