چترال (نمائندہ ڈیلی چترال نیوز)ڈسٹرکٹ ناظم چترال مغفرت شاہ نے چترال گرم چشمہ روڈ کے انگارغون کے مقام پرپہاڑی سے گزرنے والی انتہائی پرخطر سڑک کا متبادل کے طور پر دریا کے کنارے سے گزرنے والی زیر تعمیر سڑک کا معائنہ کیا اور موقع پر موجود اہلکاروں پر زور دیا کہ اس سڑک کوموسم سرما کی بارشوں اور برفباری سے پہلے پہلے موٹر گاڑیوں کی ٹریفک کے قابل بنایاجائے ۔ اس عارضی سڑک کو گزشتہ جولائی میں سڑک کی سیلاب بردگی کے بعد عارضی طور بنایاگیا تھا۔ اس موقع پر لوٹ کوہ سے ضلع کونسل کے ممبر حسین احمد بھی موجود تھے۔ بعدازان ضلع ناظم نے مقامی کمیونٹی کی تعمیر کردہ ہائیڈل پاور اسٹیشن کے سیلاب بردہ پاور چینل کی تعمیر کا بھی معائنہ کیا جوکہ اپنی مدد آپ کے تحت بحال ہورہی ہے ۔ ضلع ناظم نے کمیونٹی کو ایک لاکھ 80ہزار روپے کا اعلان کیا جسے وہ چینل کی تعمیر میں خرچ کریں گے۔ اس موقع پر کئی سیلاب متاثرین نے ضلع ناظم کے شکایات کے انبار لگاتے ہوئے کہاکہ ا ن کو ابھی تک ایک خیمہ بھی نہیں ملی ہے جس پر انہوں نے موقع پر ہی احکامات جاری کردئیے۔
درین اثناء ٗپیر کے روز ضلع ناظم نے ٹاؤن ہال کے ساتھ واقع اپنے چیمبر کا افتتاح کیا اور باضابطہ کام کا آغاز کردیا ۔ اس موقع پر مختلف پارٹیوں سے تعلق رکھنے والوں کی ایک کثیر تعداد انہیں مبارک باد دینے دفتر میں امڈ آئے۔ ضلع نائب ناظم مولانا عبدالشکور اور تحصیل ناظم مولانا محمد الیاس بھی اس موقع پر موجود تھے۔ افتتاح کے فوراً بعدضلع ناظم نے بریر ڈیویلپمنٹ آرگئانزیشن چترال کے جانب سے سیلاب متاثرین میں امدادی چیک تقسیم کئے ۔