Mr. Jackson
@mrjackson
تازہ ترین

چترال میں منگل اور بدھ کی درمیانی رات سے مسلادھار بار ش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری ،کئی مقامات پرروڈ بند

چترال ( محکم الدین محکم) چترال میں منگل اور بدھ کی درمیانی رات سے مسلادھار بار ش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے ۔ لواری ٹاپ پر دو فٹ اور لواری ٹنل کے احاطے میں چار انچ برف پڑی ہے ۔ اور پشاور سے چترال و چترال سے پشاور جانے والے تمام گاڑیاں جن میں پاک آرمی کی گاڑیاں بھی شامل ہیں ٹنل پر روک دی گئی ہیں ۔ لواری ٹنل کے چترال سائڈ پر مشین چڑھائی میں سلائڈنگ کی وجہ سے روڈ بند ہو چکی ہے ۔ تاہم ٹنل تک پہنچنے کیلئے چھوٹی ٹنل کو استعمال کیا جارہا ہے ۔ ٹنل پر ایمبولینس کے علاوہ کسی بھی سرکاری یا غیر سرکاری گاڑیٰ کو گزرنے کی اجازت نہیں ہے ۔ مسلادھار بارش سے ، بونی مستوج روڈ کوراغ کے قریب سیلاب سے متاثرہ مقام پر سلائڈنگ کے باعث دوباہ بند ہو گیا ہے ۔ جبکہ بونی مستوج روڈ کروئی دیری بالمقابل سارغوز گاؤں بڑے پیمانے پر پہاڑی تودے گرنے سے بند ہو چکا ہے ۔ اسی طرح سور لاسپور ، یارخون کے راستے مختلف مقامات پر سلائڈنگ ،پہاڑی تودوں کے گرنے سے بلاک ہو چکے ہیں ۔ بلاک شدہ سڑکوں میں کالاش ویلی روڈ ، چترال گرم چشمہ روڈ بھی شامل ہیں ۔ سڑکوں کی بندش سے لوگوں کوشدید مشکلات کا سامناہے ۔ اور زندگی مفلوج ہوئی ہے ۔ درین اثنا شندور کے مقام پر برفباری سے چترال اور گلگت کے درمیان بذریعہ سڑک رابطہ عارضی طور پر منقطع ہوچکاہے ۔اور چترال کے بالائی مقامات لاسپور، مستوج ، بونی ، گبور بگوشٹ سمیت کالاش ویلی کے بلندی پر واقع دیہات میں برفباری ہوئی ہے ۔ جبکہ چترال شہر کے قریب سیاحتی مقام بیر موغلشٹ نے بھی برف کی سفید چادر اوڑھ لی ہے ۔ بارش کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے ۔ خصو صا زلزلے کے متاثرین کی مشکلات میں اضا فہ ہوا ہے ۔ اور کئی مکانات جو جزوی طور پر نقصان ہو گئے تھے ۔ بارش کی وجہ سے اُن کو مزید نقصان پہنچا ہے ۔ بارش اور برفباری سے سردی کی شدت میں غیر معمولی اضافہ ہو ا ہے ۔ خصوصا زلزلہ سے متاثرہ افراد جو خیموں میں آگ جلانے سے قاصر ہیں ۔سردی کی وجہ سے اُن کو بہت زیادہ پریشانی کا سامنا ہے ۔ دوسری طرف سوختنی لکڑی نایاب ہو چکی ہے ۔ جس کی وجہ سے قیمت میں بے تحاشہ اضافہ ہوا ہے ۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button