چترال(نمائندہ ڈیلی چترال )حالیہ زلزلے سے گوہکیر گاؤں بھی بُری طرح متاثر ہوا جہاں کئی مکانات مکمل طورپر تباہ ہوگئے جس کی وجہ متاثرین کھلے آسمان تلے رہنے پر مجبوراور لوگ انتہائی مشکلات سے دوچار ہیں۔درونگاغ گوہکیر سے تعلق رکھنے والے سجاد احمد نے ایک اخباری بیان میں کہا کہ زلزلے سے ان کے مکانات تباہ ہوگئے لیکن ابھی تک انہیں کوئی امداد نہیں ملا۔ تمام امدادی سامان سیاسی بنیادوں پر تقسیم کئے گئے ،اس میں پسند نا پسند شامل تھے اور سیاست کو بنیاد بناکر وفاداروں اور پارٹی سے تعلق رکھنے والوں کو سامان دیا گیا۔جس کی وجہ سے اصل متاثرین امداد سے محروم رگئے۔اُنہوں نے کہاکہ اصل متاثرین اب تک امداد کے انتظار میں ہیں۔گذشتہ روز علاقے میں شدید بارش اور برف باری ہوئی ،بچے اور خواتین کھلے آسمان تلے سخت سردی میں وقت گذارنے پر مجبور ہیں۔اُنہوں نے چترال سکاؤٹس،این ڈی ایم اے،پی ڈی ایم اے اور چترال انتظامیہ سے پُرزور اپیل کی کہ علاقے میں جلد از جلد امدادی سرگرمیاں شروع کی جائے ۔اور صحیح حقدار کو امدادی اشیاء پہنچائی جائے۔