498

حکومت اور پاک فوج چترال کے متاثرین کیلئے جو کچھ کر رہے ہیں ۔ یہ کسی پرا حسان نہیں ۔ بلکہ یہ آپ کا حق ہے ۔ میجر جنرل نادر خان

چترال (محکم الدین محکم )جی او سی ملاکنڈ ڈویژن میجر جنرل نادر خان نے کہا ہے ۔ کہ وزیر اعظم کے دورۂ چترال کے موقع پر زلزلہ کے نقصانات کا ہمیں اندازہ نہیں تھا ۔کہ چترال میں اتنے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے ۔ اور ہزاروں لوگ اپنے گھروں سے محروم ہو چکے ہیں ۔ تاہم حکومت تمام متاثرین کی امداد کو یقینی بنائے گی ۔ حکومت اور پاک فوج چترال کے متاثرین کیلئے جو کچھ کر رہے ہیں ۔ یہ کسی پرا حسان نہیں ۔ بلکہ یہ آپ کا حق ہے ۔ اور ہم نے سیلاب کے ابتدائی دنوں سے چترال کے انفراسٹرکچر کی بحالی اور متاثرین کی امدادکا جوکام شروع کیا تھا ۔ اب بھی اُن کی انجام دہی سے غافل نہیں ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کے روز چترال کے اپنے ایک روزہ دورے کے موقع پر چترال شہر کے مقام دنین میں زلزلہ متاثرین کی ایک کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر چترال اُسامہ احمد وڑائچ اور کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس کرنل نظام الدین کے علاوہ سیاسی قائدین اور بڑی تعداد میں مقامی لوگ موجود تھے ۔ جنرل نادر خان نے کہا ۔کہ زلزلے سے چترال اور شانگلہ سب سے زیادہ متاثر ہوئے ۔ لیکن یہ اللہ کی طرف سے ایک آزمائش ہے ۔ اور ہر مشکل کے بہتر پہلو بھی ہوا کرتے ہیں ۔ اس لئے متاثرین حوصلہ رکھیں ۔ کیونکہ حکومت اور فوج آپ کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ چترال ایک مشکل جگہ ہے ۔ اس لئے یہاں مکمل نقصان والے متاثرین کے امدادی چیکوں کو ترجیح دی جائے ۔ اور جزوی نقصانات والوں کو بعد میں ادائیگی کی جائے ۔ تاکہ برفباری سے پہلے مکمل نقصان والے متاثرین اپنے لئے چھت کا انتظام کرنے کے قابل ہو سکیں ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ امسال کے سیلاب سے بھی چترال کے انفراسٹرکچر کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ۔ اور فوج نے دن رات ایک کرکے انہیں ریسٹور کیا ۔ تاہم اُن کی تعمیر اب بھی باقی ہے ۔ لیکن ہم ان سے غافل نہیں ہیں ۔ اور امداد سے لے کر بحالی تک تمام کاموں کی نگرانی کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ قوم کا پیسہ قوم پر خرچ ہونا چاہیے ۔ اور یہ آپ کا حق ہے ۔ جی او سی نے کہا ۔ کہ چترال کا مستقبل بڑا تابناک ہے ۔ لواری ٹنل ،گلگت روڈ اور دیگر بڑی شاہراہیں دوسرے ملکوں کے ساتھ لنک ہونے کے بعد چترال ایک بین الاقوامی اہمیت اختیار کر جائے گا ۔ آنے والا وقت چترال کی ترقی اور خوشحالی کا ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ چترال میں جو کام ہو رہے ہیں ۔ یہ کوئی ایک ادارہ انجام نہیں دے رہا ۔ بلکہ انتظامیہ ، عوام سکول و کالج کے بچے بھی اس میں حصہ دار ہیں ۔ اور باہمی تعاون اور اتفاق ہی انسانوں کو کام کرنے کے قابل بناتی ہے ۔ انہوں نے لوگوں سے کہا ۔ کہ چترال کی پُر امن ماحول کو نقصان پہناچانے والوں سے ہو شیار رہیں ۔ اور دشمن ہر اُس جگہے کو ٹارگٹ بناتی ہے ۔ جہاں امن ، محبت اور بھائی چارہ ہو ۔ اس لئے چترال کے لوگوں الرٹ رہنے کی ضرورت ہے ۔ تاکہ دشمن امن و آشتی کے ماحول میں نفاق پیدا کرنے کی کوشش نہ کر سکے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ چترال میرا گھر بن گیا ہے ۔ کیونکہ چترال کے لوگ پیار اور محبت بانٹے والے لوگ ہیں ۔ جی او سی لوگوں کے مطالبے پر ہادایت کی ۔ کہ جو لوگ متاثر ہونے کے باوجود کسی وجہ سے امداد سے محروم رہے ہیں ۔ اُن کو امداد میں شامل کیا جائے ۔ لکین جو لوگ غلط طریقے امداد حاصل کریں گے ۔ اُن کے خلاف کاروائی ہو گی ۔ اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ ن چترال کے ضلعی صدر سید احمد خان اور تحصیل چترال صدر کوثر ایڈوکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے جنرل نادر خان کا شکریہ ادا کیا ۔اور ڈپٹی کمشنر چترال آسامہ احمد وڑائچ اور کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس کرنل نظام الدین کی طرف سے متاثرین کیلئے کئے گئے اقدامات کی تعریف کی ۔ قبل ازین جی او سی جنرل نادر خان نے چترال پہنچنے کے بعد ڈی ایچ کیو ہسپتال چترال میں چترال سکاؤٹس کے تعاون سے لگائے واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح کیا ۔ اور ایم ایس ڈاکٹر فیض الملک سے ہسپتال میں بجلی اور دیگر مسائل سے انہیں آگاہ کیا ۔ جی او سی نے کہا ۔ کہ گولین ہائیڈل پاور سٹیشن کی تیس میگا واٹ بجلی کی فراہمی کے بعد چترال میں بجلی کا مسئلہ کُل وقتی ختم ہو جائے گا ۔ تاہم انہوں نے کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس سے وقتی طور پربجلی کے مسئلے کے حل کے بارے لائحہ عمل بنانے کے بارے میں ہدایت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں