558

چترال میں پہلی بار زلزلے کے متاثرین کو فوری امدادی سامان اور امدادی چیک نہایت شفاف طریقے سے فوری طورپر دے دیئے گئے،وی سی ناظمین

چترال(نمائندہ ڈیلی چترال) آل ناظمین فورم چترال کے صدر سجاد احمد نے ڈپٹی کمشنر چترال اور پٹواری ضلعی انتظامیہ کے جملہ اراکین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاہے کہ ان کی انتھک کوششوں کی بدولت چترال میں پہلی بار زلزلے کے متاثرین کو فوری امدادی سامان اور امدادی چیک نہایت شفاف طریقے سے فوری طورپر دے دیئے گئے اور نقصانات کا تخمینہ لگانے کے لئے وقت انتہائی قلیل ہونے کے باعث بعض متاثریں کے نام شامل نہ ہوسکے تھے ، ان کے لئے وزیر اعظم کی طرف سے خصوصی پیکج کا اعلان کیا جائے ۔ فورم کے دیگر عہدیداروں نائب صدر مجیب الرحمن، جنرل سیکرٹری نوید احمد بیگ، سیکرٹری اطلاعات ظہیر الدین بابر، رابطہ سیکرٹری حیات الرحمن اور رابطہ کمیٹی کے ارکان غلام قادر، فیض الاعظم، فضل الرحمن، سلطان محمد شیر اور دوسروں کی معیت میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ چترال زلزلے کے مرکز کے قریب واقع ہونے کی وجہ سے سب سے ذیادہ متاثر ہوا ہے اور یہاں کوئی گھر جزوی نقصان سے نہیں بچ گیا ہے ۔انہوں نے ویلج کونسلوں کے ناظمین پر تنقید کرنے والوں کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ وہ تنخواہ ،دفتر اور اسٹاف کے بغیر جانفشانی سے عوام کی دن رات خدمت میں مصروف ہیں لیکن ان کے کردار کشی میں بعض حلقے سرگرم عمل ہوگئے ہیں جن میں بعض کالم نگار بھی شامل ہیں۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے متاثریں زلزلہ کے نقصانات کی دوبارہ تصدیق کے عمل کو یکسر مسترد کرتے ہوئے اسے غیر ضروری قرار دیتے ہوئے کہاکہ اس سے پہلے سے پریشان حال عوام میں پریشانی کی لہر دوڑ گئی ہے ۔ ان کا کہنا تھاکہ زلزلے کو چالیس دن گزر گئے اور اس عرصے میں متاثریں نے اپنے گرے ہوئے دیواروں کی مرمت کرچکے ہیں اور اس مرحلے پر دوبارہ تصدیق کوئی سود مند ثابت نہیں ہوگاجبکہ بعض متاثرین سے امدادی چیک واپس کرنے کے لئے کہا جارہا ہے جوکہ ناممکن ہے۔ ویلج ناظمین نے ڈسٹرکٹ انتظامیہ سے بھر پور اپیل کی کہ متاثرین کا دوبارہ سروے کرنے کے بعد ٹیم رپورٹ کو جمع کرنے کے باوجود متاثرین کو چیک بلا تاخیر جاری کئے جائیں ۔ انہوں نے چار دیواری اور مال مویشیوں کے لئے باڑوں کو گھر کا جزولاینفک قرار دے کر معاوضہ دلانے کا اہتمام کیا جائے کیونکہ چترال میں پردے کا سخت رواج موجود ہے اور مال مویشی پالنا ان کی مجبوری ہے اس لئے چار دیواری اور مویشی خانوں کے لئے معاوضے دئیے جائیں جن کے چیک تیار کرنے کے بعد روکے گئے ہوئے ہیں۔

DSC00006

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں