Mr. Jackson
@mrjackson
تازہ ترین

کالاش وادیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے ، علاقے کی ترقی کیلئے لوگ اتفاق و اتحاد کا مظاہرہ کریں ، ڈپٹی کمشنر لوئر چترال

چترال ( محکم الدین ) ڈپٹی کمشنر لوئر چترال راؤ ہاشم عظیم نے کہا ہے کہ میں تمام اداروں کو لے کر عوام کے مسائل حل کرنے پر یقین رکھتا ہوں ، اور تمام ادارے میری ٹیم کا حصہ ہیں ، کھلی کچہری کا مقصد بنیادی طور پر عوام کے مسائل سے متعلق آگہی حاصل کرنا ہے کہ ان کے حل کیلئے اقدامات کئے جا سکیں ۔ میں نے سب سے پہلے کھلی کچہری کیلئے کالاش ویلی بمبوریت کا اس لئے انتخاب کیا ۔ کہ بچپن سے کالاش کمیونٹی کے بارے میں سنتا آرہاتھا۔ آج بالمشافہ ان سے ملاقات کرکے ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے اقدامات کروں ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز گورنمنٹ ہائی سکول بمبوریت میں ایک کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جس میں لائن ڈیپارٹمنٹ کے تمام آفیسران علاقائی عمائدین اور سائلین بڑی تعداد میں موجود تھے ۔ اس موقع پر عوام کی طرف سے روڈ کی ناگفتہ بہہ صورت حال ، ہسپتال میں ادویات کی کمی ، مختلف سکولوں میں طلباء و طالبات سے متعلق تعلیمی مسائل ، جنگلات کی کٹائی ، آبپاشی اور آبنوشی اسکیموں ، اور ٹیلی نار کی ناقص سروس سے طلبہ و عوام کو درپیش مشکلات کے حوالے شکایات و مسائل کے انبار لگا دیے گئے۔ جس پر ڈپٹی کمشنر نےعوام کو یقین دلایا ۔ کہ بمبوریت میں جنگلات کی کٹائی اور اس کی ٹرانسپورٹیشن کی اجازت نہیں دی جائے گی ، ہسپتال میں اضافی سہولیات کی فراہمی ، سکولوں کے مسائل ، زیر تعمیر دو سکولوں کی جلد تکمیل اور کالاش ویلی جیسے سیاحتی ایریا کو ماحولیاتی آلودگی سے پاک رکھنے کیلئے کالاش ویلیز ڈویلپمنٹ پروگرام کے ساتھ ایک جامع پالیسی کے تحت کام کریں گے ۔ اور عوام تین چار مہینوں کے اندر کام ہوتے ہوئے نہ صرف محسوس کریں گے ، بلکہ دیکھیں گے ، انہوں نے کہا کہ روڈ ان علاقوں کا ترجیحی مسئلہ ہے ۔ بلکہ تمام مسائل کی بنیاد ہے ۔ اس لئے میں آپ کو یقین دلاتا ہوں ۔ کہ متعلقہ اداروں کے ذریعے فوری کام شروع کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ یہ علاقہ تب ہی خوبصورت بن سکتا ہے ۔ اور ترقی کر سکتا ہے ۔ جب عوام اور ادارے باہم مل کر اس کی ترقی کیلئے عملی طور پر میدان میں نکل آئیں ۔ اور نفاق و اختلاف کی بجائے اتحاد و اتفاق سے مسائل حل کرنے پر توجہ دیں ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا ۔ کہ میں ان مسائل کے حل کیلئے بار بار اس علاقے کی وزٹ کروں گا ۔ اس موقع پر کالاش مردو خواتین قاضیان اور آئمہ مساجد میں اعزازیہ کے چیک تقسیم کئے گئے ۔ واضح رہے ۔ کہ وادیوں میں تہتر کالاش مردو خواتین قاضی اور دو عیسائی مذہبی پیشواؤں کو چترال میں سالانہ اعزازیہ محکمہ اوقاف کی طرف سے دیے جاتے ہیں ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button