مضامین
شہیدانقلاب ذوالفقارعلی بھٹو۔۔۔۔۔۔۔۔تحریر:سیدنذیرحسین شاہ نذیر

شہیدذوالفقارعلی بھٹو کے شاندار کارناموں کی فہرست تو بہت طویل ہے مگر پاکستان میں آئین کا نفاذ اور ملک کو ایٹمی طاقت بنانے والے کارنامے بھٹو صاحب کے عظیم کارناموں میں سے ایک ہیں ، نوجوان نسل بھٹوازم کو سمجھنے کی کوشش کرے شہید ذوالفقار علی بھٹو تاریخ کا ایک ایسا نام ہے جس نے انسانیت کی خدمت کو اپنا شعار بنایا، غریب اور مزدوروں کو سر اٹھا کرجینے کا ڈھنگ سکھایا ۔
سابق وزیراعظم جناب ذوالفقار علی بھٹو کا شمار دنیا کے عظیم راہنماؤں میں ہوتا ہے۔ بھٹو صاحب کی ذات سے کسی کو ہزار اختلاف ہوں، پر یہ سچائی اپنی جگہ ہے کہ وہ ایک تاریخ ساز اور عہد آفریں شخصیت تھے۔ وہ پاکستان کی تاریخ کا ایک بہت بڑا نام اور ناقابل فراموش کردار ہیں۔ وہ سیاستدان، اعلیٰ تعلیم یافتہ، بے حد وسیع المطالعہ، وقت کے نبض شناس اور منفرد شخصیت کے مالک تھے۔ انھوں نے دنیا سے اپنی خطابت و ذہانت کا لوہا منوایا۔ یہی وجہ ہے کہ ان کی تمام خامیوں اور بشری کمزوریوں کے باوجود عوام کی بھاری اکثریت آج بھی ان کا احترام کرتی ہے۔ صدیوں پرانی تاریخ یہ ہی کہتی ہے کہ دیر سے سہی لیکن جیت ہمیشہ حق اور سچ کی ہوتی ہے۔
