چترال (نمائندہ ڈیلی چترال) چترال میں ہفتہ صفائی کاآغاز دھوم دھام سے ہوئی جس میں چترال سکاوٹس کے کمانڈنٹ کرنل نظام الدین شاہ ، ڈسٹرکٹ ناظم مغفرت شاہ اور ڈپٹی کمشنر چترال اسامہ احمد وڑائچ نے حصہ لے لیا جبکہ مختلف سرکاری محکمہ جات کے سربراہان نے بھی اپنی موجودگی اور سول سوسائٹی تنظیموں کے کارکنان کی شرکت نے افتتاحی تقریب کو رنگا رنگ بنادی تھی۔مقامی ہائی سکول کے اڈیٹوریم میں ہفتہ صفائی کے حوالے سے تقریب کے بعد ضلعے کی اعلیٰ فوجی اور سول قیادت کے سربراہان کی سرکردگی میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال تک آگہی واک کا اہتمام کیا گیا جہاں کمانڈنٹ ، ضلع ناظم اور ڈی۔سی نے باضابطہ طور پرکوڑا کرکٹ اٹھواکر مہم کا آغازکردیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہاکہ چترال شہر اور مضافات میں صفائی کی مہم کو جدید اور ہمہ گیر بنیادوں پر مناکر چترال میں صفائی کا ایک معیار نہ صرف قائم کیا جائے گا بلکہ اس کی پائیداری کو یقینی بنانے کے لئے بھی ٹھوس اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ اس مہم کے دوران ان تمام عناصر کے خلاف بھر پور کاروائی کی جائے گی جوکہ شہر میں غلاظت پھیلانے اور دریا اور ندی نالوں کو غلاظتوں سے بھرنے کے ذمہ دارہیں۔ انہوں نے کہاکہ تجاوزات بھی شہر کی صفائی اور اس کے حسن کو خراب کرنے کے وجوہات میں شامل ہیں اور تجاوزات میں ملوث عناصر کے خلاف بھی کاروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ چترال ایک سیاحتی مقام ہے اور یہاں شہر کی صفائی اور ستھرائی سے ذیادہ سے ذیادہ تعداد میں سیاحوں کو راغب کیا جاسکتا ہے ۔ اس موقع پر تحصیل ناظم چترال مولانا محمد الیاس نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تحصیل میونسپل ایڈ منسٹریشن چترال ہفتہ صفائی مہم کے اہداف کے حصول میں تمام دستیاب وسائل اور افرادی قوت کو استعمال میں لائے گی۔ اسسٹنٹ کمشنر مستوج حمید اللہ ، ایڈیشنل اے سی دروش بھی موجود تھے۔