269

پشاورمیں نکاس کابہترین نظام لایاجائے رہاہے ۔عنایت اللہ

پشاور(نمائندہ ڈیلی چترال)خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر اور جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر عنایت اللہ خان نے کہا ہے کہ پشاور میں نکاس کا بہترین نظام لایا جا رہا ہے جس کے تحت سڑکوں اور بازاروں کے اطراف میں نالیوں کی بجائے زیادہ گنجائش کے ڈرین تعمیر ہونگے جس کی وجہ سے بارش اور سیلاب کا پانی چوراہوں پر تالاب اور جوہڑوں میں بدل جانے کی بجائے آسانی سے نکلے گا جبکہ شہر کے باہر مختلف مقامات پر ٹریٹمنٹ پلانٹس کے ذریعے گندے پانی کو صاف کر کے قریبی دریاؤں میں بہا دیا جائے گا اور اندرون شہر معمولی بارش سے سڑکیں جھیل بن جانے اور شہریوں کی زندگی اجیرن بنانے کا مسئلہ ہمیشہ کیلئے حل ہو جائے گا انہوں نے اپنے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پشاور کو دنیا کا خوبصورت ترین اور ترقیافتہ شہر بنایا جائے گا ماضی میں اسے نظر انداز کرنے اور اس شہر سے ہوے والی ناانصافیوں کا ازالہ بھی ہو گا باغوں اور پھولوں کا شہر ہونے کے حوالے سے اسکی عظمت رفتہ بحال کی جائے گی اور کم ترین وقت میں اسکی آب و ہوا اور ماحول کی آلودگی ہمیشہ کیلئے دور جبکہ تعفن اور بدبوکو خوشبوؤ ں میں بدلا جائے گا ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلبہار، سکندر ٹاؤن اور دلہ زاک روڈ سمیت مختلف مقامات پر میونسپل سروسز پروگرام (ایم ایس پی) کے تحت نکاسی اور صحت و صفائی کے جدید نظام کا سنگ بنیاد رکھنے کے مواقع پر کیا اس منصوبے کے تحت پچاس کروڑ روپے کی لاگت سے 13کلومیٹر لمبائی تک چار ڈرین ایک سال میں مکمل ہونگے جس کی بدولت اندرون شہر نکاس کا مسئلہ دائمی بنیاد پر حل ہو جائے گاان مواقع پررکن قومی اسمبلی ساجد نواز خان، ڈیڈیک پشاور کے چئیر مین ارباب جہانداد خان رکن صوبائی اسمبلی شوکت علی یوسفزئی ، ضلع ناظم پشاور ارباب عاصم خان، ناظم ٹاؤن ون زاہد ندیم اور دیگر زعماء نے بھی خطاب کیا جنہوں نے ترقیاتی عمل کے حوالے سے حکومت کے اقدامات کو سراہا سینئر وزیر نے پشاور میں صحت و صفائی اورتعمیراتی کاموں کے حوالے سے ایم ایس پی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ غیر ملکی امداد سے اس پروگرام کے تحت نہ صرف پشاور بلکہ پورے صوبے میں نکاس اور صفائی کی صورتحال بہتربنائی جا رہی ہے انہوں نے کہا کہ پروگرام میں پانی کے زنگ آلود پائپوں کی تبدیلی،آبنوشی نظام کی بہتری، صفائی اور سالڈ ویسٹ ٹھکانے لگانے کی سکیمیں بھی شامل ہیں جن پر نمایاں پیش رفت ہوئی ہے اسی طرح صحت و صفائی کا نظام زیادہ بہتر بنانے کیلئے جدید مشینری متعارف کی جا رہی ہے ان ترقیاتی سکیموں کی نگرانی کیلئے ضلع ناظم کی سربراہی میں مانیٹرنگ کمیٹی بھی بنا دی گئی ہے جبکہ ایم ایس پی کے منصوبوں کی وہ خود بھی نگرانی کریں گے انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ماضی میں پشاور کی ترقی پر کوئی توجہ نہیں دی گئی اور تمام شعبوں میں اسے نظر انداز کیا گیا اور پسماندہ رکھا گیا جبکہ یہی صوبے کے تمام شہروں کا حال ہے تاہم موجودہ صوبائی حکومت ایسا نہیں ہونے دے گی شہر کی ترقی اور خوبصورتی کیلئے دو ارب روپے کی لاگت سے ترقیاتی منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے فیز تھری پر باب پشاور فلائی اوور کا عنقریب افتتاح ہو رہا ہے جبکہ مزید میگا سکیمیں بھی شروع کی جاری ہیں رنگ روڈ کو مکمل کر کے اس سے ملحقہ سروس روڈ کی تعمیر پر بھی کام شروع کر دیا گیا ہے جبکہ لنک روڈز کے ذریعے اسے پورے شہر سے ملا کر ٹریفک کا نظام بھی بہتر بنایا جا رہا ہے شہر میں صفائی اور کوڑا کرکٹ اٹھانے سے متعلق ڈبلیو ایس ایس پی کی کارکردگی سے متعلق عنایت اللہ نے واضح کیا کہ پہلے سالڈ ویسٹ صاف کرنے کی شرح 50فیصد تھی جو مختصر عرصے میں 80فیصد تک ہو گئی ہے اور بتدریج مزید بہتر ہو رہی ہے شہر سے روزانہ نو ہزار ٹن کوڑا کرکٹ نکالا جا رہا ہے جسے کارآمد بنانے کیلئے ماحول دوست ٹریٹمنٹ پلانٹس پر بھی کام جاری ہے انہوں نے حکام کو صفائی سے متعلق عوامی شکایات کے فوری ازالے اور ٹھیکیداروں سے ترقیاتی سکیمیں بروقت مکمل کرانے اور ان کا معیار یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں