492

چترال میں گذشتہ رات سے لوئر چترال میں وقفے وقفے سے ہلکی بارش ہوئی جبکہ اپر چترال کے مقامات مستوج ، تور کہو اور موڑکہو تاحال بارش سے محروم

چترال ( محکم الدین سے ) چترال میں گذشتہ رات سے لوئر چترال میں وقفے وقفے سے ہلکی بارش ہوئی جبکہ اپر چترال کے مقامات مستوج ، تور کہو اور موڑکہو تاحال بارش سے محروم رہے ۔ لواری ٹاپ پر بارش اور ہلکی برفباری ہوئی ۔ جس کے نتیجے میں جمعرات اور جمعہ کی رات سے چترال سے پشاور اور پشاور سے چترال آنے والی ٹریفک عارضی طور پر بند ہو گئی ۔ تاہم جمعہ کے روز شیڈول ہونے کی وجہ سے مسافروں کو چھ سات گھنٹوں کے انتظار کے بعد ٹنل سے گزرنے کی اجازت دی گئی ۔ چترال میں گذشتہ سالوں کی نسبت بارش اور برفباری انتہائی طور پر کم ہوئی ہے ۔ او ر پہاڑوں پر برف کا ذخیرہ نہ ہونے کے برابر ہے ۔ لواری ٹاپ جہاں گرمیوں کے موسم میں سالانہ ہزاروں ٹن قدرتی برف چترال سے مردان تک سپلائی کی جاتی ہے ۔ اس مرتبہ انتہائی کم ہے ۔ اور مین روڈ کے ساتھ سابقہ کی طرح برف کے تودوں کے سٹاک بالکل نظر نہیں آتے ۔ اس وجہ سے موسم میں غیر معمولی گرمی کی شدت ابھی سے شروع ہوئی ہے ۔ اور مقامی لوگوں کے مطابق درختوں ،پودوں اور دیگر سبزیوں کی نشو نما میں ایک مہینے کا فرق پایا جاتا ہے ۔ ایک بزرگ شخصیت غلام نبی نے ایکسپریس کو بتایا ۔ کہ چترال میں خوبانی کے درخت عام طور پر مارچ کی 20تاریخ کے بعد پھول ( اسپرو ) دیتے تھے ۔ جبکہ امسال فروری کے آخری ہفتے سے پہلے ہی کونپلیں نکل آئیں ۔ جو کہ چترال میں موسمیاتی حدت کو عیاں کرتا ہے ۔ اور یہ کوئی نیک شگون بات نہیں ہے ۔ چترال کے تمام علاقوں خصو صا ، اورغوچ ، چترال خاص ، موڑکہو ،تورکہو اور مستوج کے علاقوں میں بارش کا شدت سے انتظار ہے ۔ جبکہ چترال کے اوپر گہرے بادل ہونے کے باوجود بالائی چترال کے زیادہ تر مقامات میں بارش نہیں ہوئی ہے ۔ جس کے نتیجے میں گندم کی فصل کو ناقابل تلافی نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے ۔ جبکہ پانی نہ ہونے کے باعث دیگر سبزیات کی افزائش مشکل نظر آتا ہے۔ کیونکہ چترال کے بہت سے علاقوں میں بارانی آراضی سے فصلیں حاصل کی جاتی ہیں ۔ اور بارش نہ ہونے یا کم ہونے کی صورت میں فصلوں کو درکار پانی میں کمی آئے گی ۔ اور فصل پکنے سے پہلے ہی سوکھ جانے کے خدشات ہیں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں