259

چترال ٹورزم ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ایک غیر معمولی اجلاس چترال کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقد ہوا ۔ جس میں سیاحت سے وابستہ مختلف سٹیک ہولڈرز نے شرکت کی ۔ شراکاء نے اجلاس کے انعقاد کو سراہا

چترال ( محکم الدین ) چترال ٹورزم ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ایک غیر معمولی اجلاس چترال کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقد ہوا ۔ جس میں سیاحت سے وابستہ مختلف سٹیک ہولڈرز نے شرکت کی ۔ شراکاء نے اجلاس کے انعقاد کو سراہا ۔ اور اپنے خطاب میں ٹور اپریٹرز ، ٹریول ایجنٹس ، ٹور گائیڈز ، ہوٹل مالکان اور ٹرانسپورٹرز کے نمایندوں نے گذشتہ دو سالوں سے کویڈ 19 کے باعث سیاحت پر پڑنے والے منفی اثرات اور اس کے نتیجے میں سیاحتی سٹیک ہولڈرز کی معاشی زبوں حالی پر تفصیل سے روشنی ڈالی ۔ اور کہا ۔ کہ جہاں کویڈ کے باعث لاک ڈاون کی وجہ سے سیاحت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے ۔ وہاں قابل افسوس امر یہ ہے ۔ کہ اس شعبے کے لوگوں کی حالات زار حکومت اور ضلعی انتظامیہ تک پہنچانے اور موثر گفت وشنید کیلئے کوئی مضبوط تنظیم موجود نہیں ہے ۔ جو ان کی نمایندگی کر سکے ۔ جس کی وجہ سےسیاحت کے تمام ذیلی شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد نامساعد حالات سے نکلنے کیلئے انفرادی طور پر اپنے مسائل حکومت کے سامنے پیش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ جن کی کوئی شنوائی نہیں ہو رہی ۔ اس لئے ایک مضبوط و موثر امبریلہ آرگنائزیشن کے قیام کی اشد ضرورت ہے ۔ جس میں تمام شعبوں کی نمایندگی موجود ہو ۔ اس لئے ہم اجلاس کی پرزور حمایت کے ساتھ مطالبہ کرتے ہیں ۔ کہ جلد آز جلد ایک امبریلہ آرگنائزیشن کا قیام عمل میں لایا جائے ۔ تاکہ سیاحت سے وابستہ مسائل کو حکومت اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ باثمر بات چیت کے ساتھ حل کیا جا سکے ۔ اور اس کیلئے باصلاحیت قیادت کو ذمہ داری سونپی جائے ۔ اس موقع پر ایک عبوری کمیٹی تشکیل دی گئی ۔ جس کیلئے فدا حسین ، ظفراللہ، عبدالغفور، قادر ، مختار عالم اور شاہ عالم کا انتخاب کیا گیا ۔ جو اگلے ہفتے تک چترال ٹورزم ایسوسی ایشن کے بائی لاز ، تجاویز اور سفارشات پر مشتمل دستاویز اجلاس میں پیش کریں گے ۔ چترال کے معروف ٹور اپریٹر چترال ٹریول بیورو کے سی ای او سید حریر شاہ اس غیر معمولی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں