261

پاکستان تحریک انصاف کی حکومت مکمل شفافیت، اور میرٹ پر یقین رکھتی ہے اور پسماندہ علاقوں کی تیز رفتار اور دیر پا ترقی موجودہ حکومت کا بنیادی ایجنڈا ہےوزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان

پشاور  ( آوازچترال)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس جمعرات کے روز وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں منعقد ہوا جس میں اسپیکر صوبائی اسمبلی مشتاق احمد غنی، صوبائی کابینہ اراکین اور اراکین صوبائی اسمبلی نے شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ نے کابینہ اراکین و منتخب عوامی نمائندوں کو اپنے اپنے حلقوں میں ہسپتالوں، پٹوار خانوں، تھانوں اور دیگر عوامی خدمات فراہمی کی جگہوں کے دورے کرنے اورلوگوں کو درپیش مسائل مقامی سطح پر حل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے اگلے دو سالوں میں  زیادہ سے زیادہ ڈیلیور کرنا ہے اور عوام کی توقعات پر ہر صورت پورا اترنا ہے جس کے لیے کابینہ اراکین سمیت تمام متعلقہ حلقوں کو غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔  انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت مکمل شفافیت، اور میرٹ پر یقین رکھتی ہے اور پسماندہ علاقوں کی تیز رفتار اور دیر پا ترقی موجودہ حکومت کا بنیادی ایجنڈا ہے جس کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ٹھوس اقدامات اُٹھانے کا سلسلہ جاری ہے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے کابینہ اراکین کو ہدایت کی ہے کہ عوام کو تمام تر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے اور ان کے مسائل فوری حل کرنے کے لئے تمام کابینہ اراکین اپنے  دفاتر میں حاضری کو یقینی بنائیں اور ہفتے میں کم سے کم تین دن دفاتر میں بیٹھیں تاکہ عوامی مسائل کم سے کم مدت میں حل ہو سکیں۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی عوامی خدمت اور تبدیلی کی جماعت ہے اور سوفیصد شفافیت اور میرٹ کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے۔ اس حکومت میں تمام کام سو فیصد شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر ہونگے اور منتخب عوامی نمائندوں کے تمام جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے وزراء اور اراکین اسمبلی کو  اجلاسوں میں سو فیصد حاضری کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اسمبلی اجلاس کے دوران کوئی وزیر یا ایم پی اے وزیر اعلی ہاوس نہیں آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایم پی ایز کی کارکردگی کا بھی باقاعدہ جائزہ لیا جائے گا اور وہ خود ان کی مانیٹرنگ کریں گے۔ وزیر اعلیٰ نے مزید ہدایت کی کہ وزراء اور ایم پی ایز صوبائی حکومت کے میگا منصوبوں اور اصلاحاتی اقدامات کے بارے میں عوام کو آگاہ کریں۔  وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ نئے مالی سال کے لئے ترقیاتی منصوبوں کی تقسیم منصفانہ بنیادوں پر کی جائے گی اور کسی حلقے کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔  انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں عوامی مسائل اور حلقوں کی ضروریات کو مدنظر رکھا جائے گا اور عوامی مفاد کے منصوبوں کو اولین  ترجیح دی جائے گی۔ اراکین اسمبلی نے وزیراعلیٰ محمود خان کی قیادت پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے عوامی مسائل کے فوری حل کیلئے اُن کے اقدامات خصوصاًسرکاری دفاتر میں اچانک دوروں کو سراہا۔  اراکین اسمبلی نے وزیراعلیٰ کی طرف سے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور یومیہ اُجرت پر کام کرنے والوں کی اُجرت میں اضافے کے فیصلے کو خراج تحسین پیش کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں