252

چترال-شندور روڈ، چترال- گرم چشمہ روڈ اور چترال- کیلاش ویلی روڈ منصوبوں پر عملی کام شروع کرنے کے لئے پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلی

ضلع اپر اور لوئیر چترال میں نیشنل ہائی ویز اتھارٹی کے تحت سڑکوں کی تعمیر کے منصوبوں سے متعلق ایک اجلاس منگل کے روز وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمودخان کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں چترال-شندور روڈ، چترال- گرم چشمہ روڈ اور چترال- کیلاش ویلی روڈ منصوبوں پر عملی کام شروع کرنے کے لئے پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلی کے معاون خصوصی برائے اقلیتی امور وزیر زادہ کے علاوہ وزیر اعلی کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان، سیکرٹری مواصلات اعجاز حسین انصاری، کمشنر ملاکنڈ ظہیر الاسلام، این ایچ اے کے متعلقہ حکام اور صوبائی حکومت کے دیگر متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ سڑکوں کے ان تینوں منصوبوں پر عملدرآمد کے لئے درکار سرکاری اراضی دستیاب ہے۔ اجلاس میں متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو دو دنوں میں این ایچ اے کو درکار زمینوں کی دستیابی سے متعلق سرٹیفیکیٹ جاری کرنے کی ہدایت کی تاکہ این ایچ اے ان منصوبوں پر عملدرآمد کے لئے عملی اقدامات شروع کر سکے۔ اجلاس میں متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو ان منصوبوں پر کام شروع کرنے کے سلسلے میں یوٹیلیٹی کنکشنز کو ہٹانے کے لئے بھی ضروری اقدامات کی ہدایت کی گئی۔ وزیر اعلی نے ان منصوبوں پر عملدرآمد کے سلسلے مین جملہ معاملات بروقت طے کرنے کے لئے کمشنر ملاکنڈکو فوکل پرسن مقرر کرتے ہوئے کہا کہ سڑکوں کے یہ منصوبے علاقے کی ترقی، سیاحت کے فروع اور لوگوں کو آمدورفت کی معیاری سہولیات فراہم کرنے کے لئے اہم منصوبے ہیں اور ان منصوبوں پر بلا تاخیر کام شروع کرنے کے لئے تمام متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں بروقت پوری کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں