390

گلوبل اسماعیلی سوک ڈے کی مناسبت سے چترال میں واک، صفائی مہم اور تقریبات

چترال (نمائندہ) اسماعیلی کمیونٹی آج دنیا میں گلوبل اسماعیلی سوک ڈے منارہی ہے اس مناسبت سے آج چترال میں بھی اسماعیلی کمیونٹی کی طرف سے مختلف علاقوں میں تقریبات، صفائی مہم اور شجرکاری مہم کے سلسلے میں تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ اس سلسلے میں سب سے بڑی تقریب شہید اسامہ وڑائچ پارک دنین میں منعقد کی گئی اس تقریب میں مختلف مکاتب فکر کے لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریجنل کونسل برائے لوئر چترال کے صدر ریاض حسین نے کہا کہ اے کے ڈی این کے ادارے چترال اور پورے ملک کی ترقی میں عرصہ دراز سے بہترین کردار ادا کررہے ہیں اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ اسماعیلی سوک بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے جس میں حکومت کے ساتھ مل کر اپنے ملک کی خوبصورتی، ترقی اور قدرتی آفات سے بچاؤ کے لئے عوامی کردار سازی پر کام کیا جائے گا۔ اسماعیلی سوک اگلے سال کے آخر تک ملک بھر میں 10 لاکھ پودے لگانے کا عہد کرچکا ہے انشاء اللہ یہ عہد حکومت کی مدد سے مکمل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معروف دینی اسکالر قاضی سلامت اللہ نے قرآن و حدیث کی روشنی میں صفائی اور شجرکاری کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر لوئر چترال حفیظ اللہ نے کہا کہ ہزہائی نس آغا خان کے ملک کی ترقی کے لیے انجام دی  گئی خدمات سے پوری دنیا آگاہ ہے۔ اے کے ڈی این کے ادارے ہمیشہ حکومت کی ذمہ داریوں میں ان کی مدد کرتے آئے ہیں اور ہم امید رکھتے ہیں کہ وہ آئندہ بھی حکومت کے ساتھ مل کر عام لوگوں کی زندگی میں بہتری لانے کی کوشش جاری رکھیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ صفائی نصف ایمان ہے اس لئے ہمیں اسماعیلی سوک کے صفائی مہم اور شجرکاری مہم میں اسماعیلی کمیونٹی کا بھر پور ساتھ دینا چاہئے۔تقریب کے دوران معزز مہمانوں نے ڈی سی پارک  میں شجرکاری مہم میں بھی حصہ لیا۔ اور اسماعیلی رضاکاروں کے ساتھ مل کر پارک کی صفائی میں بھی حصہ لیا۔

اسماعیلی سوک ایک بین الاقوامی پروگرام ہے جس کے ذریعے شیعہ اسماعیلی مسلم کمیونٹی متحد ہو کر انسانیت کی خدمت کرتی ہے جو کہ صدیوں پرانی اسماعیلی روایات میں شامل ہے۔ خصوصاً ایسے لوگوں کی معیار زندگی کو اس پروگرام کے ذریعے بہتر بنانے کی کوشش کی جاتی ہے جو اسماعیلی کمیونٹی کے ساتھ رہتے ہیں خواہ ان کا تعلق کسی بھی عقیدے اور نظریے سے ہو۔ یہ خدمت ایک ذمہ دار شہری کے اخلاقیات کی عکاسی کرتی ہے جو اسلام کی بنیادی خدمت، امن، ہمدردی اور کمزوروں کی دیکھ بھال کے اقدار کی مثال ہیں۔

گلوبل اسماعیلی سوک ڈے کے موقع پر دنیا بھر میں مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا جن میں 20 ہزار سے زائد رضاکار مختلف ممالک میں ایک لاکھ گھنٹے سے زیادہ رضاکارانہ خدمات انجام دیں گے۔ پاکستان میں شجر کاری مہم، صفائی مہم اور نوجوانوں میں آگاہی پیدا کرنے کے لئے مختلف مقابلوں کا انعقاد بھی ان سرگرمیوں میں شامل ہیں۔ اس موقع پرآغاخان رول سپورٹ پروگرام کے ریجنل منیجرظہورآمان شاہ،آغاخان ہیلتھ سروس خیبرپختونخوا ورپنجاب کے ریجنل ہیڈمعراج الدین،آغاخان ایجنسی فارہیبٹاٹ کے آرپی ایم امیرمحمددیگراداروں کے سربراہاں موجودتھے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں