245

ملاکنڈڈویژن اور سوات میں نافذ ہونے والے انکم ٹیکس ایکٹ کو مسترد کردیا، این جی اوز کی کارکردگی پر بھی سوالیہ نشان

بشام(بیورو رپورٹ) ضلع کونسل شانگلہ نے ملاکنڈڈویژن اور سوات میں نافذ ہونے والے انکم ٹیکس ایکٹ کو مسترد کردیا، این جی اوز کی کارکردگی پر بھی سوالیہ نشان جبکہ پٹواریوں کا سروے ماننے سے بھی انکار کردیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ضلع کونسل شانگلہ کا اجلاس ناظم اعلیٰ نیاز احمد کی صدارت میں منعقد ہوا ۔اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں اور حکومتی ممبران نے متفقہ طو ر پر مرکزی حکومت کی جانب سے نافذ کئے گئے ٹیکس کے خلاف قرار داد پیش کردی گئی جسے تمام ممبران نے اتفاق رائے سے پاس کردیا۔قرارداد میں واضح کیا گیا تھا کہ اگر حکومت نے ٹیکس کا فیصلہ واپس نہ لیا تو ایک بھر پور احتجاجی تحریک شروع کیا جائیگا ۔اجلاس میں پورن سے اے این پی کے ممبر ضلع کونسل ذاکر نے پٹواریوں کے سروے کرنے کے خلاف قرار داد پیش کی ۔قرار داد میں کہا گیا تھاکہ پٹواریوں نے مبینہ اکتوبر2015کے زلزلے میں بڑے پیمانے پر خرد برد کی ہے اور متاثرین سے رشوت بھی لیا ہے،لہذا ہم آئندہ کسی صورت پٹواریوں کے سروے کو ماننے کو تیار نہیں ہے،قرارداد متفقہ طور پر پاس کردیا گیا۔اسی طرح الپوری کے ممبر ضلع کونسل صابر الرحمن نے این جی او ز کی کارکردگی پر سوالات اُٹھاتے ہوئے غیر منصفانہ تقسیم اور منفی سرگرمیوں کے خلاف قرار داد پیش کی ۔صابر الرحمن کا کہنا تھا کہ این جی او ز لوگوں میں کمبل اور ڈالڈا تقسیم کرنے کے بجائے اس مشکل کی گھڑی میں بحالی کے کاموں میں حصہ لیں اور خاص طور پر واٹر سپلائی لائنوں کی بحالی میں انتظامیہ کے ساتھ مدد کریں۔آٹا کا تیلہ دیکر عوام کو گمراہ نہ کریں۔اس موقع پر ناظم اعلیٰ نے کہاکہ سیلاب کے اس مشکل گھڑ ی میں شانگلہ کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں جبکہ انتظامیہ کو ہائی الرٹ کردیا ہے۔انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کہ فوری طور پر سڑکوں کی بحالی کیلئے دن رات کام کریں ۔انہوں نے مزید کہاکہ کسی کی غفلت برداشت نہیں کی جائیگی ۔غفلت برتنے پر انتظامیہ سے لیکر حکومتی اہلکاروں کے خلاف سخت سے سخت کاروائی کریں گے۔انہوں نے مزید کہاکہ ملاکنڈ ڈویژن میں انکم ٹیکس کا نفاذ دہشت گردی، قدرتی آفات سے متاثرہ عوام کے بچوں کے منہ سے نوالہ لینے کے مترادف ہے ۔انہوں نے کہاکہ اگر یہ فیصلہ واپس نہ لیا گیا تو دونوں حکومتوں کے خلاف شدید احتجاج پر مجبور ہوجائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں