215

صحت اور تعلیم کے سو فیصد اہداف کو ہر قیمت پر حاصل کیا جائے گا۔وزیر خزانہ

پشاور(نمائندہ ڈیلی چترال)خیبرپختونخوا کے وزیر خزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ نے اپنی حکومت کا یہ پختہ عزم دہرایا ہے کہ صحت اور تعلیم کیلئے مقرر کردہ سو فیصد اہداف کو ہر قیمت پر حاصل کیا جائے گا کیونکہ حکومت نے برسراقتدار آتے ہی ان دونوں شعبوں میں ہنگامی حالت کا نفاذ کیا ہے تاکہ عوام کا معیار زندگی مستقل بنیادوں پر بہتر بنایا جا سکے انہوں نے سرکاری ملازمین پر زور دیا کہ وہ ہمارے پسماندہ صوبے میں امراض اور جہالت سے پاک فلاحی معاشرے کی تشکیل کیلئے دن رات محنت کریں وہ سول سیکرٹریٹ پشاور میں عابد جدون اور پیر سید دوران شاہ کی معیت میں طبی مراکز کے ٹیکنیکل سٹاف اور تحصیل ناظم ثمرباغ سعید باچا کی زیرقیادت دیر پائیں کے زعماء کے دو مختلف وفود سے باتیں کر رہے تھے جس نے اپنے بعض مسائل و مشکلات سے انہیں اگاہ کیا ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ صحت معتصم باللہ بھی اس موقع پر موجود تھے طبی مراکز کے ٹیکنیکل عملے کا گلہ تھا کہ وہ دن رات کام کرکے ہسپتالوں اور دیگر طبی مراکز میں صفائی، بجلی اور پانی کی بروقت فراہمی یقینی بناتے ہیں مگر پیرامیڈیکس کے سروس سٹرکچر میں انہیں نظرانداز کیا گیا البتہ ہیلتھ پروفیشنل الاؤنس اور اپ گریڈیشن کے ذریعے ان کا احساس محرومی دور کیا جا سکتا ہے مظفر سید ایڈوکیٹ نے وفود کے تمام جائز مسائل کے مناسب ازالے کا یقین دلایا انہوں نے کہا کہ وسائل کی کمی کا مسئلہ درپیش نہ ہوتا تو صوبائی حکومت کب کی تنخواہیں میں ترقیافتہ ممالک کی طرز پر کئی گنا اضافہ کر چکی ہوتی تاہم انہوں نے یقین دلایا کہ انکی حکومت ملازمین کے حالات کار اس حد تک ضرور بہتر بنائے گی کہ وہ اطمینان قلب سے عوام کی خدمت کر سکیں اور مہنگائی سے متاثر نہ ہونے پائیں انہوں نے کہا کہ اب حکومت اور وزارت پھولوں کی سیج نہیں رہی بلکہ حقیقتاً کانٹوں کا تاج بن چکی ہے اب ہم نے دن رات کام کرکے عوام اور اپنی پارٹی قیادت کو نتائج دکھانا ہیں وزیر خزانہ نے واضح کیا کہ سکولوں کی طرح ہسپتالوں و طبی مراکز میں بھی عملے کی حاضری اور ناکافی سہولیات کی نگرانی کیلئے انڈپینڈنٹ مانیٹرنگ یونٹ کے قیام کا فیصلہ کیا گیا اور اُمید ظاہر کی کہ تمام طبی عملہ اس ضمن میں پورا تعاون کرے گا اسکی بدولت صوبے کے دورافتادہ علاقوں اور دیہات میں بھی مریضوں کوعلاج کی تمام سہولیات مقامی سطح پر مہیاہونگی اور طبی مراکز میں ڈاکٹروں اور ادویات و آلات کی کمی اور حاضری سے متعلق عوامی شکایات جلد ازجلد دور کرنے میں مدد ملے گی وفود نے انکے معروضات کے حل میں ذاتی دلچسپی لینے پر وزیرخزانہ کا شکریہ ادا کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں