244

چترال،مضافات میں وقفے وقفے سے ہلکی برفباری جاری ،بغیر چین گاڑیوں کو دیراور چترال کی طرف سےلواری ٹنل روڈ پر جانے کی اجازت نہیں

چترال ( محکم الدین ) جمعہ کے روز چترال شہر اور مضافات میں وقفے وقفے سے ہلکی برفباری جاری رہی ۔لواری ٹنل پر جمعہ کے روز بھی پانچ انچ برف پڑی ۔ جس سے آمدورفت کچھ عرصےکیلئےمعطل رہی ۔ تاہم برف صفائی کا کام بھی ہوتا رہا ۔ اس لئے بغیر چین گاڑیوں کو دیراور چترال کی طرف سےلواری ٹنل روڈ پر جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ برفباری کی وجہ سے کئی گاڑیاں اب روڈ پر پھنس چکی ہیں ۔ اور لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑا ہے۔ دیر سائڈ پر بغیر چین گاڑیوں کو الجزیرہ ہوٹل کے سامنے روکا جارہا ہے ۔ جس پر بعض ڈرائیوروں کا کہنا ہے ۔ کہ پولیس اور ہوٹل والے کی ملی بھگت سے لوگوں کا راستہ روکا جارہاہے ۔ تاکہ مسافر ہوٹل میں قیام کرنے پر مجبور ہو جائیں ۔ چترال کے مقام گرم چشمہ ، کالاش ویلیز ، شیشی کوہ ، مڈکلشٹ، سیاحتی مقامات برموغلشٹ ، گولین اور اپرچترال کے تریچ وادی ، کھوت ، پھستی وغیرہ مقامات میں زیادہ برف پڑنے اور جاری رہنےکی اطلاعات ہیں ۔ تریچ روڈ برف کی وجہ سے بند ہے ۔ اور زیادہ تر لوگ پیدل چلنے پر مجبور ہیں ۔ تاہم کریم آباد اپر یارخون وغیرہ علاقوں میں اپنی مدد آپ کے تحت برف پرخشک مٹی ڈال کر راستہ صاف کرنے کی کوششیں جاری ہیں ۔ چترال بھر میں برفباری کے ساتھ ہی انتہائی سرد ہواوں کا راج ہے ۔ جس کو بزرگ لوگ مزیر برفباری کا پیش خیمہ قرار دے رہےہیں۔ برفباری اور سردی میں اضافے کے ساتھ ہی جلانے کی لکڑی اور کوئلے کی قیمت بڑھ گئی ہے ۔ چترال شہر کےلکڑی ٹال میں شاہ بلوط کی اچھی لکڑی کی قیمت ساڑھے سات سو تک پہنچ چکی ہے ۔ جس کی وجہ سے کم وسائل والے صارفین گھروں کے اندر لحاف اور کمبل اوڑھ کر گزارا کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں ۔ جبکہ انتظامیہ خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہا ہے ۔ لوگ ایک طرف حکومت کی طرف سے مسلط کردہ مہنگائی کا رونا رو رہےہیں ۔ تو دوسری طرف روزمرہ کی اشیاء میں خود ساختہ مہنگائی کرنے والے تاجر اپنی مرضی کےمالک بن گئے ہیں ۔ اور اپنے حصے کی مہنگی فروشی بھی حکومت کے کھاتے میں ڈال کر لوگوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہےہیں۔ جس کیلئے انتظامیہ کو ایکشن لینےکی اشدضرورت ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں