320

امسال بھی یوم شہدائے پولیس کو شایان شان طریقے سے منایا جائیگا۔ محکمہ پولیس

امسال بھی یوم شہدائے پولیس کو شایان شان طریقے سے منایا جائیگا۔ محکمہ پولیس

انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا معظم جاہ انصاری نے 4 اگست کو یوم شہدائے پولیس کے طور پر منانے کیلئے تمام پروگراموں کی حتمی منظوری دے دی ہے۔

یوم شہدائے پولیس کی تقریبات کے مختلف انتظامی اُمور کے لیے مرکزی کمیٹی کا اجلاس آج سنٹرل پولیس آفس پشاور میں زیر صدارت آئی جی پی معظم جاہ انصاری منعقد ہوا۔ اجلاس میں اعلیٰ رینک کے سینئر پولیس حکام نے شرکت کی۔ تقریبات کا انعقاد 30 جولائی کو کورونا وباء کی SOPs کے تحت ہر ضلع کی سطح پر ہوگا۔ تقریبات کا انعقاد ضلع کی سطح پر کریگا جن میں شہداء کے ورثاء کو مدعو کیا جائے گا۔ تمام اضلاع میں زیادہ سے زیادہ مقامات پر شہدا کیمپ لگائے جائیں گے۔ جہاں شہدا کی تصاویر سمیت ان کی سوانحی خاکے آویزاں کئے جائیں گے۔ شہداء کے بارے میں دستیاب ڈاکومینٹری/ویڈیو وغیرہ کا بھی کیمپ میں اہتمام کیا جائے گا۔ شہر کے اہم مقامات پر بل بورڈز اور بینرز آویزاں کئے جائیں گے جن پر شہداء کے نام اور تصاویر درج ہوں گی۔ تقریری مقابلے ٹرنینگ سکولوں اور پولیس کالج ہنگو میں منعقد کئے جائیں گے۔ ہر ضلع کی پولیس لائن میں بلڈڈونرز کیمپ لگائے جائیں گے جس میں سنیئر افسران سمیت ہر رینک کے افسران خون کا عطیہ دیں گے۔ اضلاع کی سطح پر مقامی ادبی اور سماجی تنظیموں اور ادبی ٹولنہ کے ساتھ مشاعروں کا اہتمام کیا جائے گا۔ سول سوسائٹی اور تعلیمی اداروں کے ساتھ امن واک نکالے جائیں گے۔ صوبے بھر میں یادگار شہداء پر رات کو شمع جلانے کے علاوہ دن کو پھولوں کے ہار چڑھائے جائیں گے۔4 اگست کوتمام تربیتی اداروں اور پولیس لائنز میں دن کا آغاز صبح سویرے قرآن خوانی سے کیا جائے گا۔ 4 اگست کی صبح شہدائے پولیس کی قبروں پر سلامی اور پھول چڑھانے کا اہتمام کیا جائے گا۔ مقامی علمائے کرام یوم شہدائے پولیس کے حوالے سے جمعہ کے خطبوں میں اسلام کے فلسفہ شہادت اور پولیس کی قربانیوں پر روشنی ڈالیں گے۔ 4 اگست کی صبح ہر ضلع کے پولیس لائن میں شہدائے پولیس کی یاد میں سپیشل پریڈ کا اہتمام کیا جائے گا جس میں تمام افسران شرکت کریں گے جبکہ آر پی او/ڈی پی او خود پریڈ کا ملاحظہ کریں گے۔ 4 اگست کی شام نماز مغرب کے فوراً بعد ہر ضلع میں یوم شہدائے پولیس کی تقریب کا اہتمام کیا جائے گا۔ اس سلسلے کی مرکزی تقریب پشاور پولیس لائن میں ہوگی۔ تقریب میں شہدائے پولیس کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا اور شہدا کی فیملی کو گلدستے اور تحائف پیش کئے جائیں گے۔ اس دن کے حوالے سے الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا خصوصی پروگرام نشر کریں گے۔ قومی اور مقامی اخبارات 4 اگست کو خصوصی ایڈیشن شائع کریں گے اور ریڈیو پاکستان ایف ایم چینلز اور الیکٹرانک میڈیا کے چینلز خصوصی ٹاک شوز کا اہتمام کریں گے۔ یوم شہدائے پولیس کی تقریبات کے حوالے سے روزانہ کی سرگرمیوں پر مشتمل رپورٹ ہر روز سنٹرل پولیس آفس میں بجھوائی جائے گی جسے خیبر پختونخوا کے ویب سائٹ پر جاری کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں