ضلعی انتظامیہ لوئرچترال کی جانب سے ڈسٹرکٹ پولو ٹورنامنٹ پولوگراونڈ لوئرچترال میں باقاعدہ آغاز ہوگیا ۔جو17جون 2023تک جاری رہے گا
چترال (ڈیلی چترال نیوز)ضلعی انتظامیہ لوئرچترال کی جانب سے ڈسٹرکٹ پولو ٹورنامنٹ ہفتہ کے روزپولوگراونڈ لوئرچترال میں باقاعدہ آغاز ہوگیا ۔جو17جون 2023تک جاری رہے گا۔ ڈپٹی کمشنرلوئر چترال محمد خان نے چترال پولوگراؤنڈ میں گیند پھینک کر ٹورنامنٹ کا افتتاح کیا۔اس موقع پرسرکاری افیسران ملکی سیاح اورتماشائیوں کی جم غفیرموجودتھی۔ ٹورنامنٹ میں پولو کی 62 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں ۔ اور روزانہ چار میچ کھیلے جائیں گے ۔ ٹورنامنٹ کے پہلے روز چار میچ کھیلے گئے ۔جس میں چترال اے ٹیم کامقابلہ کوشٹ ریٹ ٹیم کے ساتھ،ہیڈکواٹرچترال گرین ٹیم کاایڈمنسٹریشن اپرچترال کے ساتھ،چترال سکاؤٹس اے ٹیم بمقابلہ یونیورسٹی اف چترال اورانجگان لٹکوہ اے کامقابلہ سب ڈویژن مستوج ریٹ کے مابین ہوا۔ ڈپٹی کمشنرلوئرچترال محمدعلی نے کہاکہ اس ٹورنامنٹ میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کرنے والےکھلاڑیوں کو شندور پولو فیسٹول کیلئے سیلکٹ کیا جائے گا ۔ اس لئے شندور پولو فیسٹول کیلئے ٹیم تشکیل دینے کے سلسلے میں ڈسٹرکٹ کپ پولو ٹورنامنٹ انتہائی اہمیت کی حامل ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پولو چترال کا معروف روایتی کھیل ہے ۔ اور ہم اس کو بھر پور سپورٹ کرتے ہیں ۔ ہماری کوشش ہے کہ کھلاڑیوں کو درپیش مسائل حل کر یں اورپولو پلیرز اس کھیل کو زندہ رکھنے کیلئے اپنا پیٹ کاٹ کر گھوڑا پالتے ہیں ۔ جو کہ اپنی ثقافت کے ساتھ اُن کی دلی محبت کا ثبوت ہے ۔ ضلعی انتظامیہ پولو ایسو سی ایشن کی ہر ممکن مدد کرے گی۔اس موقع پرڈائریکٹرخیبرپختونخوا ریونیواتھارٹی راجہ فضل خالق ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر لوئرچترال محمدعرفان الدین،ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر لوئرچترال عدنان حیدرملوکی ،پولوپلیرشہزادہ سکندرالملک،معروف قانون دان عبدالولی ایڈوکیٹ،پولوکوچ افتاب عالم ،سیف اللہ،ٹی ایم او اپرچترال مصباح الدین ،ٹی ایم او لوئرچترال حنیف اللہ اور دوسرے معزیزین اسٹیج پر موجودتھے۔