عمران خان ایک سوچ اور نظریے کا نام ہے، نظریے کو جتنا دبایا جائے گا اتنا ہی ابھرے گا،وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ عمران خان ایک سوچ اور نظریے کا نام ہے، نظریے کو جتنا دبایا جائے گا اتنا ہی ابھرے گا۔ عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ جو ظلم ہو رہا ہے یہ کون کر رہا ہے؟ ہمارا مجرم وقت کے حکمران ہیں یا کوئی اور؟اگر یہ لوگ فسطائیت کرکے سمجھتے ہیں کہ ہم کچھ نہیں سمجھتے تو یہ ان کی غلط فہمی ہے،ہم اس لئے چپ ہیں کہ ہمارا ظرف ہے، ہماری خاندانی اور سیاسی تربیت ہے۔ اگر جس دن عمران خان نے ہمیں آواز دی تو ہم نکلیں گے پھر آپ کی داستان بھی نہیں ہوگی داستانوں میں۔کشمیری نکلے تو تین دن میں ہوا نکل گئی اور اگر پختون نکلے تو پتہ نہیں کیا ہوگا، ہم اپنے حق کے لیے لڑیں گے اور حق و حقیقی آزادی دونوں لے کر رہیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز سوات میں پاکستان تحریک انصاف کے زیر اہتمام تحریک تحفظ آئین پاکستان جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلیٰ نے اپنی تقریر میں کہا کہ ملک کے ساتھ بہت مذاق ہوگیا اب اس مذاق کا سلسلہ بند ہونا چاہیے، پختون 1857 سے لیکر اب تک قربانیاں دے رہے ہیں، اب پختونوں کا خون بہنے کا سلسلہ بھی بند ہونا چاہیے۔ ہم مزید پختونوں کا خون بہنے نہیں دیں گے۔
1971 میں ایک شخص کو اقتدار دینے کے لئے ملک کو توڑا گیا لیکن آج پھر ملک میں اسی صورتحال کو دہرایا جا رہا ہے جس میں نقصان صرف عوام کا ہوتا ہے۔
ملک کو نقصان پہنچانے والی شخصیات ہوتی ہیں اور ایسی شخصیات اداروں کی بدنامی کا باعث بنتی ہیں،ہم ایسی شخصیات کے فیصلے نہیں مانتے۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ بغیر مینڈیٹ کے اقتدار میں بیٹھے لوگ سابق پاٹا اور فاٹا میں ٹیکس لگانے کی باتیں کر رہے ہیں لیکن پہلے ان ٹیکسوں کا حساب دیا جائے جو وفاقی حکومت پہلے سے وصول کر رہی ہے۔
جب تک میں وزیر اعلیٰ ہوں کسی کا باپ بھی سابقہ فاٹا اور پاٹا میں ٹیکس نہیں لگا سکتا۔
ہم وفاق سے اپنے حقوق لے کر اپنے عوام پر خرچ کریں گےجو ہمیں ہمارا حق نہیں دے گا وہ اسلام آباد کیا پاکستان میں بھی نہیں رہ سکتا۔ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ملک میں آئین کو بار بار توڑا جا رہا ہے ، آئین توڑنے کی سزا موت ہے اور آئین توڑنے والوں کو آئین کے مطابق سزا ملنی چاہیے۔ عمران خان کو جس کیس میں 300 دن قید رکھا گیا آخر میں پتہ چل گیا کہ اس کیس میں کچھ بھی نہیں تھا،ہم عمران خان کی بے گناہ قید کا حساب ایک دن کا سو دن کے برابر لیں گے۔ ارباب اختیار اس دن سے ڈریں جب عمران خان ہمیں آواز دیں گے اور عوام سڑکوں پر ہوگی، پھر کوئی بھی اسلام آباد میں آرام سے نہیں بیٹھ سکے گا۔ علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ عمران خان کو اس لئے جیل میں ڈالا گیا کیونکہ اس نے قوم کی خود مختاری، فلسطین، کشمیر اور اسلام کی بات کی، وہ وقت دور نہیں جب ہمیں ہمارا مینڈیٹ بھی ملے گا اور عمران خان بھی رہا ہوگا اور دیگر قائدین بھی ہمارے ساتھ ہونگے۔ صوبے میں ترقی، روزگار اور دیگر تمام مسائل مل کر حل کریں گے،
ترقی صرف باتوں سے نہیں عمل سے ہوتی ہے، ہمارے کام ہمارے الفاظ سے زیادہ بولیں گے ۔ وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ رشوت ستانی کے خلاف ہم نے اعلان جنگ کر رکھا ہے عوام ہمارا ساتھ دیں۔ مجھے جنگل کاٹنے کی اطلاعات مل رہی ہیں جو جنگل کاٹتا ہے عوام اس کے ہاتھ کاٹ دیں، میں عوام کا ساتھ دوں گا۔