عید الاضحی قریب آنے کے ساتھ چترال سے باہر رہنے والے پردیسی اپنے جنت نظیر چترال پہنچ رہے ہیں

چترال (نمائندہ ڈیلی چترال نیوز) عید الاضحی قریب آنے کے ساتھ چترال سے باہر رہنے والے پردیسی اپنے جنت نظیر چترال پہنچ رہے ہیں جوکہ کئی کئی مہینوں سے مختلف شہروں میں حصول رزق یا حصول علم کے سلسلے میں مقیم تھے۔ پشاور اور اسلام آباد /راولپنڈی سے چترال آنے والے فلائینگ کوچ، بس اور دوسری چھوٹی گاڑیوں میں بڑی تعداد میں مسافر یہاں پہنچ کر اپنے اپنے منزلوں کی طرف روانہ ہورہے ہیں جن میں بچے، خواتین بھی شامل ہیں۔ ان مسافروں میں میں وہ فیمیلیز بھی شامل ہیں جوکہ مختلف شہروں میں اور خصوصاً پشاور، راولپنڈی، لاہور اور کراچی میں رہائش رکھتے ہیں۔ چترال شہر کے کڑوپ رشت، اتالیق بازار اور جنالیو ڈوک میں واقع تینوں بس اڈوں میں اس وقت چترال پہنچنے والے مسافروں کی زبردست چہل پہل دیکھنے میں آرہی ہے۔ عید کے دن قریب پہنچنے کی وجہ سے ان اڈوں میں مسافروں کی تعداد کے مطابق گاڑی دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے گاڑیوں کی شارٹیج کا بھی سامنا ہے۔ ہفتے کے دن کڑوپ رشت اڈہ میں گاڑی نہ ملنے پر مسافروں نے احتجاج کرتے ہوئے سڑک بلاک کردیا جس پر ٹریفک پولیس کے انچارج سب انسپکٹر فضل کریم نے ان سے گفت وشنید کے بعد احتجاج ختم کرادیا اور موقع پر موجود گاڑیوں کو دستیاب کردیا جس کے بعدیہ پردیسی اپنے اپنے گاؤں کی طرف روانہ ہوگئے۔ چترال کے تقریباً تمام دیہات میں ان دنوں چہل پہل اپنی عروج پر ہوتی ہے جب پردیس میں رہنے والے یہ پردیسی سب اپنے گاؤں واپس آجاتے ہیں۔