پولو چترال کی ثقافت کا آئنہ دار کھیل ہے اور چترال کی لوک داستان اس کے بغیر نامکمل ہے/ معروف پاکستانی بزنس مین انور امان
چترال (ڈیلی چترال نیوز)انٹر ڈسٹرکٹس چیف منسٹر کپ پولو ٹورنامنٹ کے فائنل میں چترال سکاوٹس کی ٹیم نے سنسنی خیز میچ کے بعد دو کے مقابلے میں چترال اے ٹیم کو تین گولوں سے شکست دے دی۔ دوہفتے تک جاری رہنے والی اس ٹورنامنٹ میں اپر اور لویر چترال کے اضلاع سے 52ٹیموں نے حصہ لیا۔ فائنل میچ کے مہمان خصوصی امریکہ میں معروف پاکستانی بزنس مین انور امان نے ٹرافی اور انعامات تقسیم کئے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لویر چترال محمد عمران خان، کمانڈنٹ چترال سکاوٹس کرنل بلال جاوید، ڈی پی او لویر چترال افتخار شاہ بھی موجود تھے جبکہ فائنل میچ دیکھنے کے لئے پولوگراونڈ کے احاطے میں 20ہزار سے ذیادہ تماشائی موجود تھے۔ مہمان خصوصی انور امان نے کہاکہ پولو چترال کی ثقافت کا آئنہ دار کھیل ہے اور چترال کی لوک داستان اس کے بغیر نامکمل ہے۔ انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیاکہ چترال میں پولو کا کھیل دن نہ دن فروع پارہا ہے اور اس کے کھیلنے اور شائقین کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے اور یہ ٹورز م کو پروموٹ کا ذریعہ بھی ثابت ہورہاہے۔ پولوایسوسی ایشن کے صدر شہزادہ سکندر الملک نے ٹورنامنٹ کو منظم انداز میں منعقد کرنے پر ڈی سی لویر چترال اور ان کی ٹیم کی تعریف کی اور کہاکہ اس اہم ایونٹ کے نتیجے میں شندور پولوفیسٹول میں چترال کی نمائندگی کرنے کے لئے چار ٹیموں کی کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائے گا۔ ڈی سی محمدعمران نے اپنے مختصر خطاب میں کھلاڑیوں کی سپورٹس مین سپرٹ کو سراہتے ہوئے کھلاڑیوں کو یقین دلایا کہ ضلعی انتظامیہ پولو کی فروع میں ہر قدم پر ان کے ساتھ ہے۔ فائنل میچ کے شروع میں چترال اے ٹیم نے ایک گول کرکے برتری حاصل کی لیکن چترال سکاوٹس کے شہزاد احمد شاہ جی نے اگلے منٹ کے دوران ہی گول کرکے سکور برابر کیا اور پہلے ہاف کے ختم ہونے تک دو مزید گول اسکور کرنے می کامیاب ہوئے۔ دوسرے کے پہلے منٹ میں چترال اے ٹیم نے ایک اور گول کرکے اسکور بورڈ کی پوزیشن کو 2-3کردیا اور اسے برابر کرنے کے لئے سرتوڑ کوششوں میں مصروف تھے کہ میچ کا وقت ختم ہونے کی بگل بچ گئی۔