فرنٹئیر کور پبلک سکول دروش میں طلبہ کی سہولت کیلئے اقدامات پر والدین نے اعتمادکا اظہار کردیا
دروش(چ،پ) فرنٹئیر کور پبلک سکول دروش کی انتظامیہ نے طلبہ کی فلاح و بہبو د اور انہیں نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں کے لئے صحتمندانہ اور بہترین ماحول فراہم کرنے کی غرض سے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں جن پر طلبہ کے والدین نے مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کے روز فرنٹئیر کور پبلک سکول دروش میں زیر تعلیم طلبہ کے والدین کے ساتھ ایک خصوصی نشست کا اہتمام کیا گیا جس میں ونگ کمانڈر دروش لیفٹیننٹ کرنل وقاص نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر شرکا کو سکو ل میں طلبہ کی فلاح و بہبود اور انہیں بہتر ماحول کی فراہمی کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں بتا یا گیا۔ شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ونگ کمانڈر نے کہا کہ طلبہ اس قوم کا مستقبل ہیں، فرنٹئیر کور پبلک سکول میں نصابی سرگرمیوں کے علاوہ غیر نصابی سرگرمیوں پر بھی خصوصی توجہ دی جاتی ہے، انہوں نے کہا کہ اس سکول کا اپنا ایک مقام ہے اور چترال سکاوٹس کی ہمیشہ سے کوشش رہی ہے کہ سکول کا معیار اور انتظام بہتر سے بہتر ہو۔ انہوں نے کہا کہ سکول میں زیر تعلیم طلبہ کے فلاح و بہبود کے لئے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں ۔ انہوں نے کہا سکول کے اندر چترال سکاوٹس کی طرف سے میڈیکل روم قائم کیا گیا جس میں فرسٹ ایڈ کے ساتھ ادویات بھی موجود ہیں، کمپیوٹر کا جدید لیبارٹری قائم کیا گیا ہے، کھیلوں کے میدان کو بہتر بنایا جا رہا ہے، سکول اوقات کے دوران ٹریفک کے نظام کو محفوظ بنانے کے لئے سکول گیٹ کے پاس ٹریفک پولیس کی ڈیوٹی لگائی گئی ہے تاکہ خدانخواستہ سکول آتے اور چھٹی کے وقت رش کے دوران کسی بچے کو نقصان نہ پہنچے۔ انہوں نے والدین پر زور دیکر کہا کہ وہ بھی سکول میں مزید بہتری کے لئے اپنی تجاویز سے ہمیں آگاہ کریں تاکہ ہم ملکر اس سکول کو مزید ترقی دے سکیں۔
اس موقع بچوں کے والدین نے خطاب کرتے ہوئے بعض عناصر کی طرف سے سوشل میڈیا پر منفی پراپیگنڈوں کی مذمت کی اور کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ سکول کا نظم و نسق بہتر انداز میں چلایا جارہا ہے اور جتنے بھی اقدامات اٹھائے گئے ہیں وہ واضح طو ر پر طلبہ کی سہولت کیلئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پراپیگنڈا کرنے والے عناصر جھوٹ کا سہارا لیکر علاقے کی منفی تصویر کشی کر رہے ہیں جسکی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے سکول انتظامیہ کے ساتھ ہر قسم تعاون کا یقین دلایا۔