چترال شہر کے نواحی گاؤں جوٹی لشٹ کےباسیوں نے گذشتہ دس دنوں سے علامتی بھوک ہڑتال شروع کردی

چترال (نمائندہ ڈیلی چترال ) چترال شہر کے نواحی گاؤں جوٹی لشٹ کےباسیوں نے گذشتہ دس دنوں سے علامتی بھوک ہڑتال شروع کردی ہے ۔انہوں نے حکومت سے پروزرمطالبہ کیاہے کہ ان کے گاؤں کو دریا بردگی سے بچانے کے لئے ہنگامی طور پر اقدامات کئے جائیں جوکہ دریائے چترال کی بے رحم موجوں کی زد سے صرف چند گز دور رہ گئی ہے اور حفاظتی پشتے کی عدم موجودگی میں اس سال موسم گرما میں دریاکی طغیانی سے ناقابل تلافی نقصان سے دوچار ہوگاجہاں واپڈا کا گرڈ اسٹیشن بھی واقع ہے۔
سینئرصحافی جہانگرجگر،شیر بابو خان، مصباح الدین اوردوسروں نے کہاکہ جوٹی لشٹ میں قائم گرڈ اسٹیشن کثیر قومی سرمائے سے قائم ہوا ہے اور چترال بھر کو بجلی کی سپلائی کا نظام اس کیساتھ منسلک ہے، یہاں پر کروڑوں روپے کے مشینری اور آلات نصب ہیں جو کہ اس وقت خطرے کی زد میں ہیں، انہیں بچانے کے لئے بروقت اقدامات کی ضرورت ہے کیونکہ خدا نخواستہ کوئی واقعہ رونما ہوتا ہے تو اس صورت میں نہ صرف کروڑوں روپے کے قومی املاک تباہ ہو جائینگے بلکہ چترال کے عوام کو بجلی کی معطلی کا سامنا کرنا پڑے گا
علاقے کے عمائدین نے اس بات پر شدید افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ اس گاؤں میں واپڈا کا کروڑوں روپے کا گرڈ اسٹیشن سب سے ذیادہ خطرے کی زد میں ہے لیکن بار بار توجہ دلانے کے باوجود گزشتہ چھ سالوں سے حکومت نے کوئی کاروائی نہیں کی جبکہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کا روڈ بھی دریا کے بہاؤ سے صرف 15فٹ کے فاصلے پر رہ گئی ہے اور یہ دریا کی زد میں آنے سے چترال پشاور روڈ منقطع ہوگا۔ ان کا کہنا تھاکہ گاؤں کی زرعی قیمتی زمینات پہلے سے دریا برد ہوچکے ہیں جس سے غریبوں کو لاحق ہونے والی مجموعی نقصان کا اندازہ اربوں ر وپے تک ہوسکتی ہے جن میں کئی گھربھی شامل ہیں۔ عمائیدین جوٹی لشٹ نے کہاکہ اس گاؤں کے عوام اپنے مستقبل سے سخت مایوس ہیں۔
انہوں نے کہاکہ اگر خدانخواستہ اس سال موسم گرما میں جوٹی لشٹ گاؤں کو نقصان پہنچا تو گاؤں کے عوام کسی عوامی نمائندے یا حکومتی اہلکار کو معاف نہیں کرپائیں گے جبکہ گرڈ اسٹیشن کی دریا بردگی سے لویر اور اپر چترال کے اضلاع کو نیشنل گرڈ سے بجلی کی سپلائی منقطع ہوگی اور چترال کا رابطہ ملک سے کٹ جائے گا۔جوٹی لشٹ متاثرین نے چیف جسٹس آف پاکستان سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ اس مسئلے کا سوموٹو ایکشن لے کر حکام کو پابند کرے کہ دریا میں پانی کاسطح بلند ہونے سے پہلے حفاظتی پشتے پر ہنگامی بنیادوں پر کا م شروع کرائے۔
وادی جوٹی لشٹ کے مکینوں کاکہناہے کہ گذشتہ کئی سالوں سے حکومت کی بے حسی اور بربریت کا شکار ہوکر بھوک ہڑتال کرنے پر مجبورہوگئے ہیں ۔ حکومت کی نااہلی اور مجرمانہ غفلت کے نتیجے میں ہمارے مکانات اورزراعی زمینات صفحہ ہستی سے مٹ جانے کے قریب ہے۔حکومت سے پرزورمطالبہ ہے کہ ہنگامی بنیادوں پرکام شروع کیاجائے حفاظتی بندوں پرکام شروع کرنے تک ہماری بھوک ہڑتال جاری رہے گی
