226

دروش بجلی گھر بند؛ عوام کو شدید مشکلات کا سامنا /متعلقہ ادارے اور انتظامیہ کی پر اسرار خاموشی

دروش(نامہ نگار)دروش ٹاؤن آجکل بجلی کے بدترین بحران کا شکار ہے جسکی وجہ سے لوگوں کے تکالیف اور مشکلات میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق دروش کو بجلی سپلائی کرنے والا شیشی بجلی گھر پچھلے دو ہفتوں سے مکمل طور پر بند ہے۔ چند مہینے قبل لاکھوں روپے کی لاگت سے شیشی بجلی گھر کے مرمت کے نام پر شیشی بجلی گھر میں لاکھوں روپے خرچ کئے گئے ہیں مگر اس بھاری فنڈ کو خرچ کرنے کے باوجود بجلی گھر کی کارکردگی میں کوئی بہتری نہیں آئی۔ بجلی گھر کے انچارچ انجینئر ابرار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ چند روز قبل شیشی نالے میں طغیانی کی وجہ سے بجلی گھر کے چینل میں ریت بھر گیا ہے اور اسوقت بھی پانی میں ریت آرہا ہے جسکی وجہ سے بجلی کی سپلائی بند کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ساری صورتحال کی بابت محکمے کے اعلیٰ حکام کو اطلاع دی گئی ہے اور عنقریب پشاور سے انجینئر آکر جائزہ لے گا جسکے بعد اسٹیمیٹ تیار کرکے ٹھیکیدار کے ذریعے چینل کی صفائی کرائی جائیگی۔ایک سوال کے جواب میں انجینئر ابرا ر کا کہنا تھا کہ پانی میں آنے والے ریت کی صفائی کے لئے انٹیک (ڈیم) کے قریب ٹریک موجود ہے مگر ریت کی مقدار زیادہ ہونے سے مسئلہ بڑھ جاتا ہے۔چند مہینے قبل انٹیک ، چینل اور یونٹ کی مرمت کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ مرمت کا کام کیا جا چکا تھا مگر پانی میں دوبارہ ریت کی مقدار زیادہ ہو چکی ہے جسکی وجہ سے چینل بند کرنا پڑا۔ انہوں نے بتایا کہ بجلی گھر کے تینوں یونٹس کی کورنگ تبدیل کئے گئے ہیں اور رنرز کی بھی مرمت ہو چکی ہے۔ مرمتی کام کی لاگت کے حوالے سے متعلقہ انجینئر نے لاعلمی کا اظہار کیا۔ بجلی گھر سے بجلی کی بحالی کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے انجینئر ابرار کا کہنا تھا کہ اس میں مزید کئی دن لگ سکتے ہیں۔
دوسری طرف دروش کے عوام مقامی انتظامیہ سے سخت نالاں ہیں ، عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اس سے پہلے انتظامیہ والے بجلی کے بحران کے حوالے سے سرگرمی کا مظاہرہ کرتے تھے مگر اب مقامی انتظامیہ نے بھی آنکھیں پھیر لی ہے جسکی وجہ سے بجلی گھر کے ذمہ دار بھی خواب خرگوش کے مزے لے رہے ہیں جسکا ثبوت یہ ہے کہ ابھی تک بجلی کی بحالی کے حوالے سے معمولی سرگرمی بھی نہیں دکھائی دے رہی ہے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی طرف سے سخت موقف اپنانے اور محکمے پر دباؤ ڈالنے پر اکثر اوقات بجلی کا مسئلہ جلد از جلد ہوتا رہا ہے مگر اب کی بار بجلی گھر کے ذمہ داروں پر دباؤ ڈالنے والا کوئی نہیں جسکی وجہ سے کام کی رفتار افسوسناک حد تک سست روی کا شکار ہے۔ عوامی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر چترال اسامہ احمد وڑائچ سے اس سلسلے میں ذاتی مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ محکمہ پیڈو کا قبلہ درست کرائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں