پاکستان تحریک انصاف بیک وقت اسٹبلشمنٹ ، حکومت اور مفاد پرست سیاسی پارٹیوں کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے ، تاہم کامیابی پی ٹی آئی کو ہوگی ۔ ایم این اے عبد اللطیف

چترال (نامہ نگار ) پاکستان تحریک انصاف چترال کے سنئیر رہنما اور ایم این اے چترال عبد اللطیف نے کہا ہے ۔ کہ پی ٹی آئی بیک وقت اسٹبلشمنٹ ، حکومت اور غلط و مفاد پرست سیاسی پارٹیوں سے جنگ لڑ رہا ہے ۔ تاہم اس میں کامیابی پاکستان تحریک انصاف کی ہی ہوگی۔ کیونکہ پاکستان کے پچیس کروڑ عوام عمران خان پر اعتماد کرتے ہیں ۔ اور انہیں دل سے چاہتے ہیں ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز آیون سے تعلق رکھنے والے پارٹی کارکنان جبیب الرحمن اور شکیل کی جیل سے رہائی پانے پر ان سے ملاقات کے موقع پر منعقدہ ایک سادہ اور پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ دونوں کارکنان کو چھبیس نومبر 2024 کو ڈی چوک اسلام آباد میں مظاہرے کے دوران گرفتار کیا گیا تھا ۔ اور عید سے چند دن پہلے ان کو رہائی ملی تھی ۔ ایم این اے نے کہا ، کہ آج حکومت عمران خان کی جیل سے باہر آنے کے سلسلے میں منت سماجت کر رہا ہے ۔ لیکن خان کو اس کرپٹ نظام سےنجات اور حقیقی آزادی سے کم کوئی بات قبول نہیں ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ پی ڈی ایم کی حکومت نے ملک کا بیڑہ غرق کر دیا ، آج حالت یہ ہے ۔ کہ پی ایس ڈی پی پراجیکٹس کیلئے چودہ سو ارب روپے کجا ،نوے ارب بھی وفاق کے پاس موجود نہیں ہیں ۔ عبد اللطیف نے کہا ۔ کہ چترال میں بے شمار ترقیاتی منصوبے ہوئے ہیں اور ہو رہے ہیں ۔کوئی بھی سیاسی پارٹی پراجیکٹس کے حوالے سے چترال کا مقابلہ نہیں کر سکتا ۔ پاکستان تحریک انصاف نے اپر چترال کو الگ ضلع بنایا ، جو کہ آسان کام نہیں تھا ، اسی طرح یونیورسٹی آف چترال کی تعمیر بھی پی ٹی آئی ہی کا پراجیکٹ ہے، پاکستان کے پینسٹھ سال کے عرصے میں چترال میں صرف تین آر سی سی پل بنے ، جبکہ پی ٹی آئی کی بارہ سالہ حکومت میں 13 آر سی سی پل تعمیر کئے گئے ۔ ایم این اے نے کہا ۔ کہ وفاق نے صوبے کے 75 فیصد وسائل پر قبضہ کر رکھا ہے ، جس کی وجہ سے صوبے کو مالیاتی مسائل درپیش ہیں ۔ اور ایک وقت ایسا بھی آیا تھا ۔ کہ وسائل بالکل ختم ہو چکے تھے ۔ انہوں نے کہا ۔کہ ملک کا نظام اگر تبدیل ہوکر بہتری کی طرف جائے ۔ تو عوامی مسائل کا حل کوئی بڑی بات نہیں ۔ قبل ازین پا کستان تحریک انصاف کے سنئیر ترین رہنما محمد علی جناح لال ، مقامی کارکنان عبد الصمد صابر ، عرفان ایڈوکیٹ ، محمد فیاض( ر) صوبیدار ، امیر الدین اور حبیب الرحمن نے آیون کے مسائل پر تفصیل سے روشنی ڈالی ۔ اور کہا کہ آیون گرلز کالج کی تعمیر ، آیون یوسی ون اور ٹو میں پینے کے پانی کے مسائل حل کرنے ، آیون گول سنگھم میں چینلائزیشن کیلئے فوری اقدامات اٹھانے ، وی سی ون میں عوامی قبرستان کی ٹیرسنگ کیلئے فنڈ کی فراہمی ، آیون کالاش ویلیز روڈ پر کام بلاتاخیر شروع کروانے کے مطالبات کئے گئے ۔ نیز حکومت کی طرف سے امدادی پیکیج سے محروم افراد کو پیکیج میں شامل کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا ۔ ایم این اے نے ان مسائل کے حل کیلئے اقدامات اٹھانے کی یقین دھانی کی ۔ تقریب کے آخر میں رہائی پانے والے تحریک انصاف کے کارکنان کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے ۔ انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا ، اور انہیں پارٹی کا اثاثہ قرار دیا گیا ۔