اسسٹنٹ کمشنر اپر چترال احسان اللہ آفریدی کا لاسپور کا دورہ، عمائدین کے تحفظات سننے اور مسائل کے حل کی یقین دہانی

چترال(نمائندہ ڈیلی چترال نیوز )اسسٹنٹ کمشنر اپر چترال احسان اللہ آفریدی کا لاسپور کا دورہ، عمائدین کے تحفظات سننے اور مسائل کے حل کی یقین دہانی کی.گذشتہ روزاسسٹنٹ کمشنر اپر چترال، احسان اللہ آفریدی، نے وادی لاسپور کے عمائدین کے تحفظات دور کرنے کے لیے لاسپور کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ایک نجی ہوٹل میں ایک اہم میٹنگ منعقد ہوئی جس میں وادی لاسپور کے عمائدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ میٹنگ میں عوامی نمائندوں، بشمول منتخب وی سی چیئرمین، کونسلرز، اور سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔اس اجلاس کے دوران عمائدینِ لاسپور نے اسسٹنٹ کمشنر کے سامنے اپنے چھ نکاتی مطالبات پیش کیے:
شندور روڈ پر مستقل بنیادوں پر بلڈوزر تعینات کیا جائے۔
شاہی داس اور ہرچین نالوں پر پل تعمیر کیے جائیں۔
شندور میلے کے دوران عوام کے مال مویشیوں کو پہنچنے والے نقصانات کے ازالے کے لیے بجٹ مختص کیا جائے۔
شندور روڈ میں زمین کے معاوضے کی فوری ادائیگی کی جائے، اور جہاں جہاں این ایچ اے نے پچھلے سال نہریں بند کی تھیں، ان کی فوری بحالی کی جائے۔
بینظیر انکم سپورٹ پروگرام اور دیگر حکومتی پیکجز وادی لاسپور میں ہی فراہم کیے جائیں۔
شندور کی طرف جانے والا متبادل راستہ، جو گشٹ سے ہو کر گزرتا ہے، اس کی فوری اور مستقل بحالی کی جائے
اسسٹنٹ کمشنر احسان اللہ آفریدی نے عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے درج ذیل نکات پر عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی:
شندور روڈ پر مستقل طور پر بلڈوزر تعینات کیا جائے گا۔
متبادل راستہ (گشٹ روٹ) کی فوری مرمت اور بحالی کی جائے گی۔
بینظیر انکم سپورٹ اور دیگر حکومتی پیکجز وادی لاسپور میں ہی تقسیم کیے جائیں گے۔
این ایچ اے کو ہدایت دی جائے گی کہ وہ زمین کے معاوضے کی رقم ادا کیے بغیر کوئی کام شروع نہ کرے، اور بند نہریں فوری بحال کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ باقی مطالبات کے حل کے لیے عمائدینِ لاسپور، ڈپٹی کمشنر اپر چترال اور متعلقہ محکموں کے ساتھ باقاعدہ اجلاس منعقد کیا جائے گا، تاکہ تمام مسائل کا قابلِ عمل حل نکالا جا سکے۔







