ڈی ایف او وائلڈ لائف کو تبدیل اور بختولی میں غیر قانونی وی سی سی کو ختم نہ کرنے کی صورت میں سخت احتجاج کریں گے/ وی سی سی نمائندگان
مہتر چترال نے سیاسی اثرورسوخ کا استعمال کرکے غیرقانونی وی سی سی تشکیل دیا اور غریب عوام کے حق پر ڈاکہ ڈالا ہے، پریس کانفرنس
چترال(بشیرحسین آزاد)توشی شاشاکنزرونسی سے تعلق رکھنے والے 8مختلف ویلج کنزرویشن کمیٹی (وی سی سیز) سین، بوختولی بالا، بوختولی پائین، سواخت، ہرت کریم آباد، پرسان، کاسیت اور خورا لشٹ کے نمائندوں نے صوبائی حکومت کو دودن کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے ڈی ایف او وائلڈ لائف ڈویژن چترال کے فوری تبادلے کا مطالبہ کیا ہے جس کے بعد وہ دھرنا دینے سمیت دیگر سخت قدم اٹھانے پر مجبور ہوں گے۔
بدھ کے روز چترال پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شیر افضل خان، امان اللہ خان، محمد عثمان، وزیر خان، عبدالجمیل، صدام حسین، محمد انور، پنین شاہ، قیوم خان، وقار احمد اور دوسروں نے کہاکہ موجودہ ڈی ایف او وائلڈ لائف فاروق نبی مہتر چترال ایم پی اے فاتح الملک علی ناصر کے ساتھ ساز باز کرکے ان کے نام بوختولی گاؤں میں ایک غیر قانونی وی سی سی قائم کی اور انہیں ٹرافی ہنٹنگ سے بھاری رقم دلوادیا جس سے تمام علاقوں کے عوام کا حق بری طرح پامال ہوگیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہم نے چیف کنزرویٹروائلڈ لائف کی نوٹس میں بھی یہ بات لایا گیا تھا لیکن کوئی ایکشن نہیں لیا گیا جس کی وجہ سے وہ انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور ہوگئے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ مہتر فاتح الملک ایک فرد واحد ہے لیکن ڈی ایف او نے انہیں ایک تنظیم ظاہر کردیا ہے جوکہ وائلڈ لائف کے قوانین کے خلاف ہے جبکہ بوختولی میں اب بھی کوئی فاتح الملک صاحب کونہیں جانتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ڈی ایف او وائلڈ لائف نے گزشتہ دنوں اس غیر قانونی وی سی سی کے خلاف بولنے والے پر پستول بھی تان لیا ہے جس کے خلاف پولیس میں رپورٹ بھی درج کی گئی ہے۔
وی سی سیز کے نمائندگان نے حکومت کو تنبیہ کرتے ہوئے کہاکہ بوختولی کا متنازعہ وی سی سی ختم نہ کرنے اور اس کے نام پر لی گئی بھاری رقم واپس نہ لینے پر وہ خواتین اور بچوں کو لے کر گرم چشمہ روڈ پر دھرنا دینے کے ساتھ ساتھ اپنے اپنے وی سی سیز کو ختم کرکے مارخور کی کنزرویشن کا کام نہ کرنے پر مجبور ہوں گے






