شاعر شمس الحسین بازی ایک ہفتے کے اندر اندر میڈیا میں آکر گوجر قوم سے معافی طلب کرے ورنہ گوجر قوم اپنی عزت کی حفاظت خود کرنا خوب جانتی ہے، قاری عبدالرحمن گوجر کاپریس کانفرنس

چترال (نمائندہ ڈیلی چترال نیوز) ویلج کونسل تار شیشی کوہ کے چیرمین، گوجر یوتھ فرنٹ پاکستان کے جنرل سیکرٹری، جماعت اسلامی شیشی کوہ کے امیراور معروف عالم دین قاری عبدالرحمن گوجر نے اپر چترال کے بونی میں مقیم ایک مقامی شاعر شمس الحسین بازی کی طرف سے گوجر قوم کے خلاف ہجو گوئی کرکے ان کو بدترین تضحیک کا نشانہ بنانے اور معاشرے میں ان کی حیثیت کو کم کرنے کی کوشش کی سخت مذمت کرتے ہوئے شاعر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایک ہفتے کے اندر اندر میڈیا میں آکر گوجر قوم سے معافی طلب کرے ورنہ گوجر قوم اپنی عزت کی حفاظت خود کرنا خوب جانتی ہے۔ چترال پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ چترال ایک پرامن علاقہ ہے جسے امن وامان کے حوالے سے مثال کے طور پر پیش کی جاتی ہے لیکن اس جیسے افراد کے ہاتھوں اس علاقے کے امن کو خطرہ ہے جو مختلف علاقوں اور قومیتوں کے افراد کو آپس میں لڑاکر اصل میں اس علاقے کے دشمنوں کا ایجنڈا پور ا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اگر اپر چترال کے بونی کو گوجر قوم پر بند کرنے کی بات کی گئی تو لویر چترال کے جنگلاتی علاقے سے عمارتی لکڑی کا پرمٹ بونی کے کسی باشندوں پر مکمل طور پر حرام کیا جائے گا۔ انہوں نے ا پر اور لویر چترال کے ڈی سی اور ڈی پی او صاحبان سے اپیل کی ہے کہ گوجر قوم کے خلاف ہجو گوئی کرکے اسے سوشل میڈیامیں وائرل کرنے پر نام نہاد شاعر شمس الحسین بازی کے خلاف پیکاایکٹ کے تحت مقدمہ دائر کرکے اسے فی الفور گرفتارکیا جائے ورنہ گوجر قوم دمادم مست قلندر کرنے پر مجبورہوں گے۔