پر امن جدوجہد کرنا ہر شہری کا دستوری و قانونی حق ہے۔ اپر چترال کی ضلعی انتظامیہ کے اس غیر قانونی اقدام کی ہم بھر پور مذمت کرتے ہیں، امیر جماعت اسلامی چترال لوئر وجیہ الدین

چترال(نمائندہ آئین )تورکہو روڈ تحریک کے ذمہ داراں ایڈوکیٹ وقاص ,عمیر خلیل اللہ ,حفیظ الرحمن ,شعیب میر ,پیر مختارکے خلاف 16 ایم پی او کے تحت کارروائی کرنا قابل افسوس ہے۔ اپنے حقوق کے لیے پر امن جدوجہد کرنا ہر شہری کا دستوری و قانونی حق ہے۔ اپر چترال کی ضلعی انتظامیہ کے اس غیر قانونی اقدام کی ہم بھر پور مذمت کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی چترال لوئر وجیہ الدین نے کیا۔
وجیہ الدین نے کہا کہ تورکہو کے عوام عرصہ دراز سے تعطل کا شکار سڑک کی تعمیر و تکمیل کے لیے آواز بلند کرنے کے ساتھ اس ضمن میں ہونے والی بے قاعدگیوں کے خلاف احتجاج کر رہے تھے، جو کہ عوام الناس کا ایک حقیقی آئینی و قانونی حق ہے۔ اور پر امن جدوجہد کرنے والوں کے خلاف حکومتی کارروائی ایک غیر قانونی اقدام ہے۔ حکومت اس عمل کے ذریعے حقوق کے لیے اٹھنے والی آواز کو دبانا اور لوگوں کی زبانیں بند کرنا چاہتی ہے، جو کہ ہر گز جمہوری اور قانونی طریقہ کار نہیں ہے۔
ہم اس اوچھے ہتھکنڈے کی بھرپور مذمت کرتے ہیں اور ساتھ پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ مظاہرین پر لگائے جانے والے دفعات واپس لیے جائیں۔
حکومت کو چاہیے کہ عوامی مطالبات پر سنجیدگی سے غور کرکے ان مسائل کے حل کی طرف پیش قدمی کرے، اس کے بجائے مسائل کے لیے آواز اٹھانے والوں کو پابند سلاسل کرنا کسی جمہوری حکومت کا شیوہ نہیں ہوتا۔