ٹاون ہال لوئرچترال میں تحفظ ناموس صحابہ و اہلبیت کمیٹی لویر چترال کے زیر اہتمام علماء کنونشن

چترال (نمائندہ ڈیلی چترال ) تحفظ ناموس صحابہ و اہلبیت کمیٹی لویر چترال کے امیر اور معروف عالم دین حافظ خوش ولی خان نے کہا ہے کہ صحابہ کرام اور اہلبیت کے ساتھ محبت وعقیدت اور ان کی عزت وتکریم مسلمان کی ایمان کا جزو ہے جس کے بغیر وہ کامل مومن نہیں ہوسکتا کیونکہ یہ وہ مقدس ہستیاں ہیں جو اپنی انتھک کوششوں اور قربانیوں سے دین اسلام کو ہم تک پہنچادیا اور وہ رہتی دنیا تک مسلمانوں کے لئے قابل عزت واحترام رہیں گے۔ ہفتے کے روز مقامی ٹاون ہال میں تحفظ ناموس صحابہ و اہلبیت کمیٹی لویر چترال کے زیر اہتمام علماء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس کمیٹی کے پلیٹ فارم تمام علمائے کرام اور دین سے محبت رکھنے والے مشائخ موجود ہیں اور ان کا ایک جھنڈیتلے جمع ہونا امت مسلمہ کے بہترین مفاد میں ہے اور اس میں سیاسی وابستگیوں سے قطع نظر سب کو ایک جگہ جمع کرنے والی چیز صحابہ اور اہلبیت کے ساتھ بے لوث اور غیرمتزلزل محبت ہے۔ اس سے قبل اپنے خطاب میں مولانا نقیب اللہ رازی، شیخ عمر قریشی، شیخ الحدیث مولانا حسین احمد، مولانا حبیب اللہ، مولانا جمشید احمد، بلبل چترال مولانا اسرار الدین الہلال، مولانا غلام یوسف، قاری عبدالرحمن قریشی اور دوسروں نے تحفظ صحابہ اور اہلبیت کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ صحابہ کرام معیار حق ہیں جن کی مبارک زندگی سے ہم روشنی اور رہنمائی حاصل کرتے ہیں اور ہم پر لازم آتا ہے کہ ہم ان مبارک ہستیوں کی زندگی کو اپنے لئے مشعل راہ بنائیں۔ انہوں نے معاشرے میں علمائے کرام کی کردار اور ان کی ذمہ داریوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور کہاکہ ایک عالم دین میں خوداحتسابی، تدبر، دینی سمجھ بوجھ اور دوسرے اوصاف موجود ہوں تاکہ وہ دوسروں کے لئے مثال بن سکے۔ اس موقع پر مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔